Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کا امکان، امدادی ادارے الرٹ

’بحیرہ احمر سے آنے والے بادلوں سے ملک کے مختلف علاقے ہفتے تک متاثر رہیں گے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ روز جمعرات اور جمعہ کو ملک بھر میں تیز بارش کا امکان ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق بحیرہ احمر سے آنے والے بادلوں سے ملک کے مختلف علاقے سنیچر تک متاثر رہیں گے۔
مرکز نے رہائشیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ بارش کی حالیہ لہر سابقہ غیر معمولی لہر سے کم ہوگی جبکہ بارش کی مقدار بھی معمول کے مطابق رہے گی۔
مرکز نے کہا ہے کہ ’غیر متوقع ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تمام امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔‘
مرکز نے کہا ہے کہ ’جمعرات کو ساڑھے 12 بجے دوپہر سے رات 8 بجے تک تیز ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔‘
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں اولے پڑنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری طرف دبئی میں ہنگامی حالات سے نمٹنے والی کمیٹی نے شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم کی سربراہی میں غیر معمولی اجلاس کا انعقاد کیا۔  
کمیٹی نے غیر یقینی موسم کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا اور تمام امدادی اداروں کے لیے منصوبہ تیار کیا۔

شیئر: