Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفیر پاکستان کی گورنر تبوک سے ملاقات

وزیراعظم پاکستان کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، پاکستانی کمیونٹی کے امور پر بات چیت
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان وائس ایڈمرل (ر) خان ہشام بن صدیق نے بدھ کو گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز ال سعود سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر گورنر تبوک کا شکریہ ادا کیا اورانہیں وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ دونوں نے برادر ممالک کے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی۔ شہزادہ فہد بن سلطان نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے ہر طرح کی مدد کی پیشکش کی۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ مملکت میں اپنے قیام کے دوران سعودی رہنماﺅں کی مدد سے وہ دونوں برادر ممالک کے مابین روابط کو مزید مضبوط کریں گے۔ انہوں نے گورنر تبوک کو بتایا کہ پاکستانی قوم اور رہنما سعودی عوام اور رہنماﺅں کا تہہ دل سے احترام کرتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے منطقہ تبوک کی تعمیر و ترقی میں اپنے ہموطنوں کے کردار کو اجاگر کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی سرپرستی کرنے پر گورنرتبوک کا شکریہ ادا کیا۔ خان ہشام بن صدیق نے شہزادہ فہد بن سلطان سے تبوک میں مقیم پاکستانیوں کے قونصلر امور پر بھی بات چیت کی۔

شیئر: