Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارلیمنٹ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانا غزہ قتل عام کیخلاف احتجاج تھا: فرانسیسی رکن پارلیمان

فرانسیسی پارلیمان کے قواعد کے مطابق پارلیمنٹ میں جھنڈے لہرانے پر پابندی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے انتہائی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ممبر پارلیمان، جن کو پارلیمنٹ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پابندی کا سامنا ہے، کا کہنا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے قواعد کی پابندی کے بجائے تاریخ کے درست سمت پر ہونے کو ترجیح دیں گے۔
پارلیمنٹ کے ایوان زیرین نے فلسطین کا جھنڈا سیشن کے دوران لہرانے پر بائیں بازو کی جماعت ’فرانس انبوڈ‘ کے ممبر سیبسٹین ڈیلوگو کو دو ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے۔
سیبسٹین ڈیلوگو نے بدھ کی رات کو فلسطین کے حق میں مظاہرے میں شرکت کرنے کے بعد روئٹرز کو بتایا کہ ‘یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی دوسرے ملک کا جھنڈا اسمبلی میں لہرایا گیا ہے، لیکن جو کچھ ہورہا ہے اس کے پیش نظر یہ باکل درست ہے۔ آپ دیکھتے ہیں کہ بحیرہ روم کے دوسری طرف ہمارے جیسے ہی لوگوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔‘
بائیں بازو کی جماعت فرانس انبوڈ فلسطینوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور اس ایشو کو اگلے مہینے 9 جون کو یورپین پارلیمان کے لیے ہونے والے الیکشن کی مہم کا بھی مرکزی حصہ بنایا ہوا ہے۔
دوسری جماعتوں کے برعکس فرانس انبوڈ (ایل ایف آئی) نے حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار نہیں دیا ہے۔
ایل ایف آئی کے بعض ناقدین اس پر یہود دشمنی کا الزام لگاتے ہیں لیکن پارٹی ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔
سیبسٹین ڈیلوگو نے فلسطین کا جھنڈا پارلیمان میں حکومت سے سوالات کے سیشن کے دوران لہرایا جب کہ فرانس انبوڈ کے ایک اور رکن نے غزہ کی صورتحال کے حوالے سے حکومت سے سوالات کیے۔
رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے حملے میں 45 افراد کی ہلاکت کے بعد رواں ہفتے پیرس میں ہر روز احتجاج اور مظاہرے ہورہے ہیں۔
اس حملے کے حوالے سے فرانسیسی صدر نے ایکس پر لکھا ’مجھے اس پر غصہ ہے اور یہ آپریشن بند ہونا چاہیے۔‘
تاہم ڈیلوگو کا کہنا ہے کہ حکومت اس آپریشن کو رکوانے کے لیے ’کافی کوشش‘ نہیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں فرانس کو الزام دوں گا کیونکہ فرانس اب تک اسرائیل کو اسلحہ بیچ رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ (فرانس) اس قتل عام میں شریک ہے۔‘
قبل ازیں فرانسیسی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ فرانس اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا بند نہیں کرے گا۔
خیال رہے فرانسیسی پارلیمان کے قواعد کے مطابق پارلیمنٹ میں جھنڈے لہرانے پر پابندی ہے۔

شیئر: