شمالی کوریا میں امریکہ تک مار کرنے والے میزائل کی نمائش، ٹرمپ کا کِم جونگ اُن سے ملاقات کا اشارہ
شمالی کوریا میں امریکہ تک مار کرنے والے میزائل کی نمائش، ٹرمپ کا کِم جونگ اُن سے ملاقات کا اشارہ
منگل 13 اکتوبر 2026 6:57
شمالی کوریا نے پیر کو ایک ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کا تجربہ بھی کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا (کے سی این اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ وہاں ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش کی گئی ہے جو امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے کے سی این اے کی ویڈیو رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے دفاعی صنعت کے اس میوزیم کا دورہ کیا جہاں یہ میزائل نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ہی کہا تھا کہ وہ ایشیا کے طے شدہ دورے کے دوران کم جونگ اُن سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے نومبر کے وسط میں چین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ میں شرکت متوقع ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی کورین رہنما کم جونگ اُن اپنی بیٹی جو اے اور اہلیہ ری سول جو کے ہمراہ اتوار کو ڈیفنس ریوولوشن میوزیم کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
میوزیم میں کم جونگ اُن کی قیادت کے دوران تیار کیے گئے ہتھیار رکھے گئے ہیں جن میں ڈرونز سے لے کر بین البراعظمی ہواسونگ بیلسٹک میزائل بھی شامل ہیں۔
اس بارے میں شمالی کوریا ڈیفنس اینڈ سکیورٹی فورم کے سیکریٹری جنرل شن جونگ وو کا کہنا ہے کہ ہواسونگ لانچر کے ڈسپلے میں اس کے سامنے نقشے میں امریکہ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا اور جنوبی امریکہ تک پھیلے ممالک کو دکھایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد شمالی کوریا کے دفاعی سائنسی پروگرام کی کامیابیاں دکھانا ہے اور یہ سربراہی اجلاس سے قبل سٹریٹیجک برتری کا تاثر دیتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے خیال میں اس مستقل میوزیم کے ذریعے کم جونگ اُن شمالی کوریا کے ہتھیاروں کو حکومت کی فوجی کامیابیوں کی علامت طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایشیا کے دورے کے موقع پر شمالی کورین رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کر سکتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کیونگنام یونیورسٹی کے پروفیسر لم ایول چول اس بارے میں کہتے ہیں کہ عارضی ہتھیاروں کی نمائش کو مستقل میوزیم میں تبدیل کرکے کم جونگ اُن اپنی فوجی کامیابیوں کو مستقل شکل دے رہے ہیں اور جوہری و میزائل پروگرام کو ایک دیرپا ورثے کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے پیر کو ایک ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کا تجربہ بھی کیا جس کا مقصد میزائل کے ایک اہم حصے میں تکنیکی بہتری کی کامیابی کی تصدیق کرنا تھا۔
شمالی کوریا کے حکام کے مطابق اس آزمائش سے اس کے تمام حملہ آور ہتھیاروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے پڑوسی شمالی کوریا کے تجربات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کی جانب سے پیر کو مشرقی ساحل کے قریب سمندر کی جانب کئی بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے اور یہ ایک ماہ کے دوران اس کا چوتھا میزائل تجربہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل جنوبی کوریا نے بھی ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔