ریاض میٹرو کے فلیٹ میں توسیع، 94 نئی ٹرینوں کی خریداری کا معاہدہ
منگل 13 اکتوبر 2026 18:56
نئی ٹرینوں کی مرحلہ وار فراہمی سال 2028 سے متوقع ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ ریاض میٹرو)
رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے ریاض میٹرو کے فلیٹ میں موجودہ ٹرینوں کی تعداد 183 سے بڑھا کر 277 کرنے کے لیے 94 نئی ٹرینوں کی خریداری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
اس کا اعلان کمیشن کے سی ای او ابراہیم بن محمد السطان نے ایک سرکاری پریس کانفرنس میں کیا۔یہ اقدام عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید موثر بنانے کا حصہ ہے۔
فلیٹ میں توسیع ریاض میٹرو نیٹ ورک کی مسلسل ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ اس نیٹ ورک نے اپنے آغاز سے اب تک 300 ملین سے زائد افراد کو سفری سہولتیں فراہم کی ہیں۔
نئی ٹرینوں کی مرحلہ وار فراہمی سال 2028 سے متوقع ہے۔ یہ ٹرینیں مختلف روٹس پر مسافروں کی تعداد اور متوقع طلب کی بنیاد پر مختلف لائنوں پر اضافی گنجائش فراہم کرکے نیٹ ورک کی مجموعی گنجائش میں 60 فیصد اضافہ کریں گی۔
اس اضافے سے ریڈ لائن پر گنجائش میں 142 فیصد، یلو لائن پر 116، بلو لائن پر 60 فیصد اضافے توقع ہے جبکہ اورنج لائن پر 27 اور پرپل پر 16 فیصد اضافہ ہوگا۔

رائل کمیشن کے مطابق ریاض میٹرو نیٹ ورک کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا کہ مستقبل میں ٹرینوں کی تعداد بڑھانے اور مسافروں کی ضروریات کے مطابق اس کی استعداد میں بتدریج اضافے کی گنجائش ممکن ہوسکے۔
نئی ٹرینوں کی تیاری اور فراہمی کے معاہدے جرمنی کی کمپنی سیمنز اور فرانس کی السٹوم کمپنی کے ساتھ کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کی مجموعی مالیت 5.5 ارب ریال ہے۔

منصوبے کا مقصد ریاض شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری توسیع کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کو ایکسپو 2030 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 جیسے بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی کے لیے تیار کرنا ہے۔
