حج موسم میں خطبہ جمعہ اور نماز مختصر کی جائے: شیخ السدیس
شدید گرمی کے باعث صحن اور چھت پرنماز پڑھنے والوں کو دشواری ہوتی ہے(فوٹو، ایکس )
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں شعبہ دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حرمین شریفین کے اماموں کو ہدایت کی ہے کہ گرم موسم کی وجہ سے حرمین میں حج سیزن کے دوران خطبہ جمعہ اور نمازکو مختصر کیا جائے۔
عکاظ اخبار کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے آئمہ حرمین کو مزید ہدایت کی کہ حرمین شریفین میں حج سیزن کی وجہ سے لاکھوں فرزندان اسلام موجود ہیں جنہیں نماز جمعہ کے لیے حرمین کے صحنوں اورچھت پرجگہ ملتی ہے جبکہ ان دنوں مملکت کا موسم شدید گرم ہے جس کے باعث عازمین حج کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہذا انسانی جانوں کی حفاظت کی خاطر اس اقدام پرعمل کریں ۔
شیخ السدیس نے مزید کہا کہ ’ جمعہ کا طویل خطبہ دینے سے اس بات کا امکان ہوتا ہے کہ لوگ ان باتوں کو یاد نہ رکھ سکیں جنہیں خطبے میں بیان کیا گیا ہو جبکہ خطبہ مختصر ہونے کی صورت میں اسے یاد رکھنا آسان ہوتا ہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل ڈاکٹر السدیس نے حرمین شریفین کے اماموں کو ہدایت کی تھی کہ ’وہ حج موسم کے دوران اذان اور اقامت کے درمیان کے وقفے کو کم کریں اور نماز جلد ختم کرنے کا اہتمام کریں تاکہ آنے والے لاکھوں زائرین کو عمرہ کرنے میں آسانی ہو اور انہیں کسی قسم کی مشقت کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں