ٹوئٹر پر اردو سمیت متعدد زبانوں میں حرمین اکاؤنٹ کا افتتاح
خطبات اور لیکچرز کا براہ راست مطالعہ کیا جا سکے گا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ٹوئٹر پر اردو سمیت متعدد زبانوں میں انتظامیہ کے اکاؤنٹ کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر ترجمے کے ادارے کے سیکریٹری احمد بن عبدالعزیز الحمیدی سمیت متعدد عہدیدار موجود تھے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ مسلمانان عالم کو اعتدال اور میانہ روی پر مبنی مسجدالحرام کے پیغام سے روشناس کرانا ضروری ہے۔ متعدد زبانوں میں یہ پیغام دنیا بھر کے مسلمانوں تک پہنچایا جائے گا۔
سیکریٹری ادارہ ترجمہ کا کہنا ہے کہ’ متعدد زبانوں میں اکاؤنٹ کے اجرا کا مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگ حرمین شریفین کے خطبات اور متعدد زبانوں میں یہاں دیے جانے والے لیکچرز کا براہ راست مطالعہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ’دوسرا مقصد یہ ہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں سب لوگ خود اپنی زبان میں براہ راست واقف ہوسکیں‘۔