Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا رناوت کو پڑنے والے تھپڑ کے جشن میں خود کو شامل نہیں کرنا چاہتی: شبانہ اعظمی

ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوت نے سکیورٹی چیک کے دوران اپنا فون ٹرے میں رکھنے سے انکار کیا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
چندی گڑھ ایئرپورٹ پر نومنتخب رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت کو خاتون سکیورٹی اہلکار کی طرف سے تھپڑ مارے جانے پر اداکارہ شبانہ اعظمی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کو قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔
شبانہ اعظمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے کنگنا رناوت سے کوئی محبت نہیں، لیکن میں خود کو تھپڑ کا جشن منانے والوں میں شامل نہیں کر سکتی۔ اگر سکیورٹی اہلکار قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا شروع کر دیں تو ہم میں سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہ سکتا۔‘
ہماچل پردیش سے لوک سبھا الیکشن جیتنے والی کنگنا رناوت جمعرات کو دہلی کے لیے فلائٹ میں سوار ہونے والی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے سکیورٹی چیک کے دوران اپنا فون ٹرے میں رکھنے سے انکار کیا اور سیکورٹی اہلکاروں کو دھکا دیا جس پر خاتون کانسٹیبل نے انہیں تھپڑ دے مارا۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے کے بعد خاتون کانسٹیبل نے مبینہ طور پر اداکارہ سے کہا کہ یہ تھپڑ ’کسانوں کی بے عزتی کے لیے ہے۔‘
واقعے کے بعد کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ’چندی گڑھ ایئرپورٹ پر جب میں سکیورٹی چیک سے نکلی تو کیبن میں موجود خاتون سکیورٹی کانسٹیبل نے آ کر مجھے تھپڑ مارا اور گالیاں دینے لگیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے جب خاتون کانسٹیبل سے تھپڑ مارنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کے احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب ایکس پر خاتون کانسٹیبل، جن کا نام کلوند کور بتایا جاتا ہے، کی بھی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’کنگنا رناوت کہتی تھیں کہ کسان احتجاج میں خواتین 100، 200 روپے لے کر شامل ہوئی تھیں، میری ماں بھی اس احتجاج میں شامل تھیں۔‘
کنگنا رناوت ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ کر سیاسی منظر نامے میں داخل ہوئی ہیں۔ کنگنا نے کانگریس کے وکرمادتیہ سنگھ کو 74,755 ووٹوں کے نمایاں فرق سے شکست دے کر الیکشنز میں پہلی جیت اپنے نام کی ہے۔

شیئر: