Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلوریڈا میں بارش رُک گئی، کیا اب پاکستان اور امریکہ اپنے میچز کھیل پائیں گے؟

کچھ پروازیں منسوخ ہونے کے بعد، ٹیمیں، پروڈکشن کا عملہ اور کمنٹیٹرز جمعرات کو فورٹ لاڈرہل پہنچے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست فلوریڈا میں جمعرات کی دوپہر تک بارش نہ ہونے کی وجہ سے وہاں ٹی20 ورلڈ کپ کے تین میچز کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق یہ تین میچز گروپ اے کے ہیں جن میں سے دو میچز میزبان امریکہ اور پاکستان کے لیے نہایت اہم ہیں۔
خیال رہے کہ گروپ اے میں شامل آئرلینڈ اور کینیڈا بھی ابھی تک باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے ہیں۔ اگر امریکہ اور آئرلینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جاتا تو امریکہ گروپ اے سے سپر ایٹ میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔
بدھ کو میامی اور فورٹ لاڈرہل میں کچھ پروازیں منسوخ ہونے کے بعد، ٹیمیں، پروڈکشن کا عملہ اور کمنٹیٹرز جمعرات کو فورٹ لاڈرہل پہنچے۔
شام کے وقت ہونے والی بوندا باندی رات تک ختم ہونے کی توقع تھی جس کے بعد جمعے کی صبح 9 بجے سے صبح 11 بجے تک کچھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی جبکہ بڑے علاقے میں سیلاب آنے کی تنبیہہ ابھی بھی موجود ہے۔
تاہم گراؤنڈ کی صورت حال امید کا باعث ہے۔ آئرلینڈ کے آل راؤنڈر مارک اڈیئر کے مطابق ’مجھے نہیں لگتا کہ ہوٹل سے بہت زیادہ لوگ نکلے تھے، لیکن آج گراؤنڈ واقعی بہت خشک تھا۔‘
’میرے خیال میں گراؤنڈ کے کچھ حصے اب بھی گیلے ہیں لیکن آپ کو معلوم ہے کہ یہ جگہ 24 گھنٹے پہلے کیسی تھی تو مجھے یہ جگہ بہت اچھی لگ رہی ہے۔‘

اگر امریکہ آئرلینڈ کو ہرا دیتا ہے یا بارش کی وجہ سے اسے ایک پوائنٹ ملتا ہے تو وہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے امریکہ کے اوپننگ بلے باز سٹیون ٹیلر نے بھی کہا کہ گراؤنڈ میں نکاسی آب کی صورت حال اچھی ہے۔ ’میں اسی سٹیڈیم میں کھیلتا رہا ہوں، یہاں ہمیشہ اچھی نکاسی رہی ہے۔‘
اگر امریکہ آئرلینڈ کو ہرا دیتا ہے یا بارش کی وجہ سے اسے ایک پوائنٹ ملتا ہے تو وہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ امریکہ اور انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان کی تمام تر امیدیں اس بات پر ہیں کہ آئرلینڈ آج جمعے کو امریکہ کو ہرا دے اور وہ اتوار کو آئرلینڈ کو شکست دے۔ لیکن آئرلینڈ اپنے یہ دونوں میچز جیت جاتا ہے تو اس کے بھی اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات ہیں، تاہم اس کا رن ریٹ متاثر کن نہیں ہے۔

شیئر: