Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکینڈل کے بعد جینسن ہوانگ کی اینویڈیا کے سربراہ کے عہدے پر واپسی کی خواہش

اینویڈیا سکینڈل کے باعث صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مصنوعی ذہانت کے شعبے کی بڑی کمپنی اینویڈیا منگل کو سکینڈل کے بعد پہلی بار اپنے مالی نتائج جاری کرے گی جس کے باعث چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔
تاہم، ہوانگ نے نتائج کے اعلان سے چند گھنٹے قبل کہا ہے کہ وہ دوبارہ کمپنی کی سربراہی کرنا چاہتے ہیں۔
ہوانگ نے گزشتہ ہفتے غیر ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔ ان تعلقات میں ایک ایسی خاتون بھی شامل تھیں جن پر چینی جاسوس ہونے کا شبہ ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سکینڈل کے بعد سے اینویڈیا کی مارکیٹ ویلیو میں 700 ارب ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔ کمپنی حال ہی میں دنیا کی سب سے زیادہ مارکیٹ ویلیو رکھنے والی عوامی کمپنی تھی اور مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کی عالمی توسیع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ہوانگ کو قومی سلامتی سے متعلق خدشات پر یکم دسمبر کو امریکی قانون سازوں کے سوالات کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔
ان کی رخصتی کے بعد ایلون مسک سمیت کئی کاروباری شخصیات نے واپسی کا مطالبہ کیا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ انہیں ہوانگ کی دوبارہ تقرری پر اعتراض نہیں ہوگا۔
ہوانگ نے اپنے پہلے بیان میں کہا کہ کمپنی کے ملازمین، سرمایہ کاروں، کاروباری شراکت داروں اور صارفین نے ان سے دوبارہ سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق اگر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے واپسی کو کمپنی، ملازمین اور حصص یافتگان کے مفاد میں قرار دیا تو وہ یہ ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ اور شی جن پنگ کے مذاکرات پر اثرات
سکینڈل کے دوران واشنگٹن نے پیر کو مصنوعی ذہانت کے چپس کی برآمد پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا جس پر چین نے تنقید کی۔
ان پابندیوں اور اینویڈیا سکینڈل کے باعث صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دونوں رہنما اس ہفتے چینی شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کانفرنس میں ملاقات کریں گے۔

سکاٹ بیسنٹ نے محکمہ تجارت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ان اطلاعات کو نظر انداز کیا جن کے مطابق میگاسپیڈ این ویڈیا کی ٹیکنالوجی چین منتقل کر رہی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

نئے امریکی قواعد کے تحت دنیا بھر کے ڈیٹا سینٹرز کو چین، مکاؤ اور امریکی اسلحہ پابندیوں کی زد میں آنے والے دیگر ممالک میں قائم کمپنیوں کو جدید چپس کے ذریعے بڑی مقدار میں کمپیوٹنگ پاور فراہم کرنے کے لیے امریکی لائسنس لینا ہوگا۔
سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور برازیل کو جدید چپس بھیجنے کے لیے بھی لائسنس درکار ہوگا۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق ان ممالک سے چپس کی غیر مجاز منتقلی کا خطرہ معمول سے زیادہ ہے۔
یہ پابندیاں اس خامی کو دور کرنے کے لیے لگائی گئی ہیں جس کے تحت چینی کمپنیاں جنوب مشرقی ایشیا کے ڈیٹا سینٹرز سے کمپیوٹنگ پاور کرائے پر حاصل کر سکتی تھیں۔ یہ مراکز امریکی ہارڈویئر استعمال کرتے ہیں، جسے براہ راست چین برآمد کرنے کی اجازت نہیں۔
ہوانگ کی قریبی ساتھی ایلس ہوانگ سنگاپور کی کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ہیں۔ ان کا جینسن ہوانگ سے کوئی خاندانی تعلق نہیں۔ امریکی حکام تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا میگاسپیڈ نے چینی کمپنیوں کو برآمدی پابندیوں سے بچتے ہوئے جدید این ویڈیا چپس حاصل کرنے میں مدد دی۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے محکمہ تجارت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ان اطلاعات کو نظر انداز کیا جن کے مطابق میگاسپیڈ این ویڈیا کی ٹیکنالوجی چین منتقل کر رہی تھی۔
سرمایہ کاروں کی نظریں مالی نتائج پر
امریکی حکومت نے پیر کو میگاسپیڈ کی تحقیقات کی تصدیق کی۔ محکمہ تجارت نے 2024 میں بھی کمپنی کے خلاف برآمدی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

ہوانگ نے مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں میں دسیوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے کیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

منگل کو جاری ہونے والے سہ ماہی نتائج عبوری سی ای او اور چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کی قیادت میں پہلی بار پیش کیے جائیں گے۔
سرمایہ کار یہ دیکھیں گے کہ آیا کریس، ہوانگ کی جارحانہ سرمایہ کاری کی حکمت عملی جاری رکھتی ہیں یا اس میں تبدیلی لاتی ہیں۔ ہوانگ نے مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں میں دسیوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے کیے تھے۔
تجزیہ کاروں کی توجہ مستقبل کی فروخت سے متعلق پیش گوئیوں اور ایشیا میں چپس کی فروخت، خصوصاً سنگاپور، پر بھی ہوگی۔ ان نتائج کے اثرات امریکی معیشت کو سہارا دینے والی مصنوعی ذہانت کی سرمایہ کاری پر پڑ سکتے ہیں۔

 

شیئر: