یمنی فورسز کے حوثیوں کے خلاف 660 حملے، 178 افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کا دعوی
یہ کارروائیاں اتحادی پالولر ریزسٹنس کے تعاون سے کی گئی ہیں۔ ( فوٹو: سکرین گریب)
یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کئی محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف 660 فضائی اور زمینی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ان حملوں میں تقریبا 178 فیلڈ کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک یا زخمی کرنے کا دعوی کیا گیا۔
فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا یہ کارروائیاں ’آپریشن ڈان آف یمن‘ کے ایک حصے کے طور پر اتحادی پالولر ریزسٹنس کے تعاون سے کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی پوزیشنز، اجتماعات، مورچوں، فوجی گاڑیوں اور ہتھیاروں کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ 24 فضائی، 46 ڈرون، 39 راکٹ اور551 توپ خانے کے حملے شامل ہیں۔ حوثیوں کی 74 فوجی گاڑیاں اور دیگر سامان تباہ یا ناکارہ ہوگیا۔
ترجمان نے کہا ’تعز میں سرکاری فورسز اور پاپولر ریزسٹنس نے حوثیوں کے حملوں کو پسپا کرنے اور ان کی پوزیشنز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔‘
ترجمان نے حوثیوں پر الزام لگایا کہ ’حوثی گورنریٹ کا محاصرہ برقرار رکھتے ہوئے عام شہریوں کے گھروں پر حملے کر رہے ہیں۔ تعز کے رہائشیوں کے مصائب اور محاصرے کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ’مارب اور الجوف کے محاذوں پر فوجی دستوں نے حوثیوں کے اجتماعات اور فوجی ساز و سامان کو نشانہ بنایا جبکہ جنوبی محاذ پر تعینات فورسز بھ خطرات کا مقابلہ کرنے میں مصروف رہیں۔‘
ترجمان کا کہنا تھا ’یمنی مسلح افواج عوام اور ملک کے وسائل کے تحفظ کے لیے اپنا قومی فریضہ ادا کرتی رہیں گی۔ اس دوران عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی۔‘
