Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کی قدیم ’سوق حجاب‘ جس پر شاعروں نے نظمیں بھی کہیں

یہ مارکیٹ 40 سال قبل مکمل ہونے پر کھولی گئی تھی۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی دارالحکومت ریاض کی قدیم ترین مارکیٹ ’سوق حجاب‘ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 40 سال پرانی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سوق حجاب ریاض کے رہائشوں اور جی سی سی ممالک سے آنے والے وزیٹرز کی خریداری کی منزل بھی ہے۔ اس مارکیٹ نے نوے کی دہائی کے آخر اور 2000 عیسوی میں خلیجی ممالک سے آنے والوں میں شہرت حاصل کی۔

یہ بازار ریاض کے مشرق میں النسیم محلے میں ہے(فوٹو اخبار 24)

 سوق حجاب ریاض شہر کے مشرق میں واقع ہے۔ یہاں سونے، زیورات، عطر کی دکانوں کے علاوہ عبائے، شہد، گھی اور کھجور کی مقامی مصنوعات کی دکانیں بھی ہیں۔ کچھ شاعروں نے اس حوالے سے نظمیں بھی تحریر کی ہیں۔ بازار میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات اور خوشگوار لمحات کو نظموں کی شکل میں پیش کیا ہے۔
یہ بازار ریاض کے مشرق میں النسیم محلے میں ہے۔ ایک تاجر حمدان بن نھار الحربی کے مطابق اس بازار کے قیام کا خیال تاجر حجاب بن نحیت کے ذہن میں اب سے 46 سال قبل آیا۔ وہ مختلف سٹائل اور انداز کی مارکیٹ کھولنا چاہتے تھے۔


خواتین یہاں مختلف اشیاء کے سٹالز لگاتی ہیں۔ (فوٹو اخبار 24)

الحربی کے مطابق حجاب بن نحیت نے اس مقصد کے لیے 30 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ایک پلاٹ خریدا  بعدازاں ایک عمارت خریدی جس سے ’شارع الثلاثین‘ کا نظارہ کیا جاسکے۔ اس پلاٹ پر بہت سی سونے کی دکانیں قائم کی گئیں اور انہیں 60 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔ اس دور میں سستی قیمت پر خریدی جانے والے دکانوں کی قیمت آج لاکھوں ریال تک پہنچ گئی ہے۔


40 سال قبل 400 دکانوں کے ساتھ بازار کھولا گیا (فوٹو اخبار 24)

یہ بازار خریداروں کے لیے 40 سال قبل 400 دکانوں کے ساتھ کھولا گیا پھر اس میں سیزنل شاپس کا آئیڈیا شامل کیا گیا۔ آج  یہ مارکیٹ دور دور سے  آنے والے خریداروں کو وہ اشیا فراہم کرتی ہے جو انہیں کہیں نہ مل سکیں۔ یہی اس مارکیٹ کی کامیابی کا سبب بنی۔
حجاب مارکیٹ میں سونے، پرفیوم، کپڑے، بچوں کے کھلونے، کپڑے، خواتین کی آرائشی اشیء، اور جسم و جلد کی دیکھ بھال اور گھریلو استعمال کی اشیا کی دکانوں سے لے کر کھانے پینے اور مشروبات تک کی دکانیں موجود ہیں۔
یہاں خواتین بڑی تعداد میں سٹالز لگا کر خریدار خواتین کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں جبکہ یہاں سامان مناسب قیمتوں پر دستیاب ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: