Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں آئندہ ہفتے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ‘ رہنے اور تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے (فائل فوٹو: اے پی)
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔
 پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 21 سے 27 جولائی کے دوران وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
اسی طرح 22 سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور اور شیخوپورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس عرصے میں سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 
اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ 23 اور 24 جولائی کو بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ،کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں 22 سے 24 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
اس دوران  پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
بلوچستان میں 23 اور 24 جولائی کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

 پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 21 سے 27 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)

 تاہم صوبے کے شمالی اور مشرقی علاقوں خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور جعفر آباد میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں 23 اور 24 جولائی کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
مِٹھی، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں 22 سے 27 جولائی کے دوران دیامر، استور، سکردو، گلگت، گھانچے اور شِگر میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 اور 24 جولائی کو موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اسی طرح 23 اور 24 جولائی کو موسلادھار بارش کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا اندیشہ ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا اندیشہ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
شدید بارشوں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔
کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
’مسافر اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔‘
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: