مملکت کے کن علاقوں میں اتوار تک بادل برسیں گے؟
شہری دفاع نے کہا ہے کہ دلدلی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جائے۔ (فوٹو سبق)
موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعرات سے اتوار تک بارش کا امکان ہے۔
سبق نیوز کے مطابق قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عسیر، جیزان، الباحہ، مکہ مکرمہ اور نجران کے علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض جگہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
قومی مرکز کے مطابق آئندہ ہفتے کے آغاز تک موسمی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مرکز کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کے اطراف کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
آئندہ ہفتے کے شروع میں نجران کے کچھ علاقے، ربع الخالی اور جنوبی ریاض کے کچھ علاقے بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب شہری دفاع کا کہنا ہے کہ جمعرات سے مکہ مکرمہ کا علاقہ موسلا دھار بارش میں گھرا رہے گا۔ طائف، میسان، اضم، الکامل اور العرضیات میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد بارش کا امکان ہے۔ الجموم، الخرمہ، تربہ، رانیہ اور المویہ میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ عسیر، الباحہ، جازان کے علاقے درمیانی سے شدید بارش اور نجران میں درمیانے درجے کی بارش ہو گی۔
شہری دفاع نے بارش سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
متوقع بارش والے علاقوں میں شہریوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کےلیے ایس ایم ایس کے ذریعے پیغامات ارسال کیے جارہے ہیں۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سیلابی اور دلدلی جگہوں، خاص طور پر وادیوں اور نامناسب و خطرناک جگہوں پرجانے سے گریز کیا جائے۔