میچ فکسنگ: افغان کرکٹر احسان اللہ جنت پر پانچ سال کی پابندی عائد
احسان اللہ جنت افغانستان کی جانب سے تین ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
افغانستان کے انٹرنیشنل کرکٹر احسان اللہ جنت پر میچ فکسنگ کے باعث پانچ سال کی پابندی لگا دی گئی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو اپنے بیان میں بتایا کہ میچ فکسنگ کے باعث احسان اللہ جنت پر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی لگا دی گئی۔
افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ احسان اللہ جنت نے کابل پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن میں آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی۔
اے سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’احسان اللہ جنت نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کی۔‘
اے سی بی نے مزید کہا کہ ’خلاف ورزی کے باعث اُن پر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی لگا دی گئی ہے۔ احسان اللہ جنت نے جرم کا اعتراف کر لیا۔‘
خیال رہے کہ احسان اللہ جنت افغانستان کی ٹیم سابق کپتان نوروز منگل کے چھوٹے بھائی ہیں۔
اے سی بی کی جانب سے تین مزید کھلاڑیوں کی میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ احسان اللہ جنت افغانستان کی جانب سے تین ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔