جازان میں انجیر کی پیداور کا مقامی معیشت میں اہم کردار
جازان میں انجیر کی پیداور کا مقامی معیشت میں اہم کردار
جمعرات 15 اگست 2024 5:55
جازان میں انجیر کی سالانہ پیداوار 2 ہزار ٹن ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق جازان کا علاقہ مملکت کے نمایاں زرعی علاقوں میں سے ایک ہے جو اپنی زرخیز زمینوں، موزوں آب و ہوا اور وافر آبی وسائل کے باعث منفرد ہے۔
اس سے یہاں سال بھر فصلوں کو قابل کاشت بنانے میں مدد ملتی ہے۔ کاشتکار ان قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آسان طریقے اور کم خرچ پر متعدد اقسام کے درخت اور فصلیں اگاتے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق انجیر اس علاقے کی فصلوں میں نمایاں ہے۔ جازان کا علاقہ اپنی آب و ہوا کے باعث انجیر کی کاشت کے لیے موزوں ہے۔ معتدل درجہ حرارت اور نمی انجیر کی فصل کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق جازان میں چار لاکھ 98 ہزار سے زیادہ انجیر کے درختوں سے سالانہ تقریباً 2 ہزار ٹن پیداوار ہوتی ہے۔ یہ فصل مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مملکت کے وژن 2030 کے مطابق انجیر کی کاشت جازان کی زرعی ترقی کی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔
جازان ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کئی دہائیوں کی تحقیق کے ذریعے انجیرکے معیار اور مسابقت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس علاقے میں انجیر کی فصل دسمبر سے مئی تک رہتی ہے اور برآمدات کے لیے منافع بخش موقع فراہم کرتی ہے۔
1982 سے ریسرچ سینٹر نے ٹراپیکل فروٹ کی کاشت میں بھی بہت مدد کی ہے۔ اس سینٹر کا مقصد خطے میں انجیرکی کاشت کے معیار کو بڑھانا ہے۔
انجیر بہت سے غذائی فوائد کے لیے معروف ہے۔ یہ فائبر، وٹامنز، معدنیات پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہے جو دل کی صحت کے علاوہ ہاضمے کو بہتر بنانے اور خون میں شوگر کی سطح کو منظم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
واضح رہے کہ مملکت کے زرعی علاقوں میں انجیر کی سالانہ پیدوار 25 ٹن ہے جبکہ زرعی زمین کا رقبہ 1.421 ہیکٹر ہے۔
جازان اور عسیر کے علاوہ مکہ مکرمہ، حائل، الجوف، الباحہ، قصیم، نجران، تبوک اور مدینہ منورہ میں بھی انجیر کی پیداوارہوتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں