Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں پپیتے، امرود اور انجیر کے باغات، سالانہ ایک لاکھ ٹن پیداوار

جازان میں آم، امرود، پپیتا اور انجیر 1982 سے کاشت کئے جارہے ہیں۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جازان ریجن کے کاشتکار سعودی اور غیرملکی بازاروں کو سالانہ ایک لاکھ  سات ہزار ٹن سے زیادہ پھل فراہم کرنے لگے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی زمینیں زرخیز ہیں۔ معتدل آب و ہوا، زیرزمین آبی ذخائر، بارش اور سال بھر سیلاب کے پانی سے آبپاشی کی سہولتوں سے مالا مال ہے۔ 
جازان ریجن میں وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے ماتحت ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر انواع و اقسام کے پھلوں کی کاشت پر ریسرچ کر رہا ہے۔ یہاں آم، امرود، پپیتا اور انجیر کے باغات 1982 سے لگائے جا رہے ہیں۔

گورنر جازان نے میلے کا افتتاح کیا (فوٹو: سبق)

وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے گزشتہ 40 برسوں کے دوران جازان ریجن میں پانچ قسم کے پھلوں آم، انجیر، کیلا، امرود اور پپیتے کی کاشت پر بڑا کام کیا ہے۔ یہاں43 لاکھ 36 ہزار 832 درخت ہیں۔ ان کے پھل مقامی مارکیٹ کے علاوہ بیرون مملکت بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ 
علاوہ ازیں گیارہ لاکھ 59 ہزار844 کیلے کے درخت سالانہ 34 ہزار795 ٹن  پھل دے رہے ہیں۔ امرود کے 10366 درخت سالانہ 310 ٹن پیداوار دے رہے ہیں۔ ایک لاکھ  4 ہزار 953 پپیتے کے درخت سالانہ 5200 ٹن پھل دے رہے ہیں۔ ا س کے علاوہ آم کے دس لاکھ درخت سالانہ 65 ہزار ٹن پیداوار دے رہے ہیں۔ 


پھلوں کی خوشبو شائقین کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے (فوٹو: سبق)

یاد رہے کہ اتوار 29 مئی 2022 سے صبیا کے کنگ فہد پارک میں اس حوالے سے میلہ شروع ہوا ہے۔ گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز اور نائب گورنر نے آم اور دیگر پھلوں کے میلے کا افتتاح کیا۔
واضح رہے کہ میلے میں آم، پپیتے اور دیگر پھلوں کو مختلف سٹالز پر انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جن کی خوشبو شائقین کو اپنی جانب کھینچ رہی ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: