سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے انڈین کرکٹرز اور بالی وڈ سٹارز، شاہ رخ خان سرِفہرست
جمعرات 5 ستمبر 2024 10:32
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ویراٹ کوہلی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے انڈین کرکٹر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے کرکٹر بن گئے ہیں لیکن مجموعی طور پر سلیبریٹیز میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا پہلا نمبر ہے۔
فارچیون انڈیا کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ویراٹ کوہلی مالی سال 2023-24 کے دوران ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے کھلاڑی تھے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوہلی نے مالی سال 2024 میں 66 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا۔
ویب سائٹ کرک اِٹ کے مطابق کوہلی کے ٹیکس کی رقم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مہنگے ترین کھلاڑی مچل سٹارک کی فروخت کی قیمت سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
میچل سٹارک گزشتہ آئی پی ایل میں 24.75 انڈین کروڑ روپے میں فروخت ہوئے تھے۔
کوہلی، جنہوں نے اس وقت سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد کرکٹ سے بریک لے رکھی ہے، انڈیا کی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی مشہور شخصیات کی فہرست میں دیگر کھلاڑیوں سے بہت آگے ہیں۔
ٹیکس ادا کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں کوہلی کے بعد اگلا نام لیجنڈری کرکٹر ایم ایس دھونی کا ہے۔ دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے سابق انڈین کپتان نے گزشتہ مالی سال میں 38 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا۔ دھونی، 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے باوجود سب سے زیادہ پیسے کمانے والے انڈین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
دھونی اب صرف چنئی سپر کنگز کے لیے آئی پی ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم، اگلے سیزن میں شرکت کے حوالے سے دھونی نے فی الحال کوئی بیان نہیں جاری کیا۔
کوہلی اور دھونی کے بعد، ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر واحد انڈین کھلاڑی ہیں جو سب سے زیادہ ٹیکس دہندگان کی فہرست کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ لیجنڈری کرکٹر نے مالی سال 2024 میں ٹیکس کے طور پر 28 کروڑ انڈین روپے کی کل رقم ادا کی۔
سچن ٹنڈولکر کے پاس اب بھی ون ڈے اور ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے اور دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے اور وہ 200 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے دنیا کے واحد کرکٹر ہیں۔
اس فہرست میں اگلا نام انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی کا ہے جنہوں نے 23 کروڑ انڈین روپے بطور ٹیکس ادا کیے۔
سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے کھلاڑیوں میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر انڈین ٹیم کے موجودہ سٹار کرکٹر ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت بھی شامل ہیں۔ آل راؤنڈر ہاردک نے 13 کروڑ انڈین روپے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر پنت نے ٹیکس کے طور پر 10 کروڑ انڈین روپے ادا کیے۔
انڈیا میں جہاں کرکٹ انڈسٹری سے کھلاڑی خوب پیسہ کماتے ہیں وہیں بالی وڈ کے اداکار بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی اور سلیبرٹیز ٹیکس بھی خوب ادا کرتے ہیں اور اگر ان کی فہرست ترتیب دی جائے تو وہ کچھ ایسی دکھائی دے گی۔
سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے بالی وڈ سٹارز اور کھلاڑی
انڈین سلیبریٹز کی فہرست کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو اس میں پہلے نمبر پر شاہ رخ خان ہیں جنہوں نے مالی سال 2024 میں 92 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا۔ ان کے بعد فہرست میں دوسرے نمبر پر ساؤتھ انڈین اداکار تلپتی وجے ہیں جنہوں نے 80 کروڑ ادا کیے جبکہ تیسرے نمبر پر 75 کروڑ روپے ٹیکس ادا کرنے والے سلمان خان ہیں۔
مالی سال 2024 میں امیتابھ بچن نے71 کروڑ، ویراٹ کوہلی 66 کروڑ، اجے دیوگن 42 کروڑ، مہندر سنگھ دھونی 38 کروڑ، رنبیر کپور 36 کروڑ، سچن ٹنڈولکر 28 کروڑ، ہریتک روشن 28 کروڑ، کپل شرما 26 کروڑ، سورو گنگولی 23 کروڑ، کرینہ کپور 20 کروڑ، شاہد کپور 14 کروڑ، موہن لال 14 کروڑ، الو ارجن 14 کروڑ، ہاردک پانڈیا 13 کروڑ، کیارا اڈوانی 12 کروڑ، کترینہ کیف 11 کروڑ، پنکج ترپاٹھی 11 کروڑ، عامر خان 10 کروڑ جبکہ رشبھ پنت نے 10 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا۔