جلسے کے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کیا: وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا۔ (فوٹو: ایکس)
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’جلسے کے شرکا کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے اتوار کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’یہ پتھراؤ صرف ایک جگہ تھا۔ اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی۔‘
انہوں نے کہا کہ پتھراؤ کا واقعہ ایک جگہ پر ہوا لیکن وہاں اب امن بحال ہو گیا ہے۔
قبل ازیں عطااللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد سمیت پنجاب میں ٹریفک معمول کے مطابق رہی، جن لاکھوں لوگوں نے آج انقلاب برپا کرنا تھا پتہ نہیں وہ کہاں چلے گئے ہیں؟‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا۔
’پی ٹی آئی نے جلسے کی ناکامی کو چھپانے کے لیے جھوٹے اور جعلی ٹویٹس کیے۔ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلایا اور پروپیگنڈا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ احتساب ہو کر رہے گا۔
عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ’پی ٹی آئی کی پنجاب اور خیبر پختونخوا کی قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اس ناکام جلسے پر اتنا ہی کہا جا سکتا ہے کہ تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون۔‘