’دھوم 4‘ میں ابھیشیک بچن کی جگہ رنبیر کپور کو کاسٹ کیا جا رہا ہے؟
کہا جا رہا ہے کہ ابھیشیک بچن اور اودے چوپڑا کو مبینہ طور پر ڈراپ کر دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے دھوم 4 کی کاسٹنگ پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر کہا گیا کہ رنبیر کپور اور شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے سرفہرست دعویدار ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آج رنبیر کی 42ویں سالگرہ پر ان کے مداحوں کو سرپرائز ملا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق رنبیر کپور کو بظاہر دھوم 4 کے لیڈ رول کے لیے شامل کیا گیا ہے جس کا عارضی نام ہے ’دھوم ری لوڈڈ‘۔ جلد ہی سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ جہاں ان کے مداح خوش ہیں وہیں کئی نیٹیزین بھی ہیں جو اس قیاس آرائی سے مایوس ہیں۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ابھیشیک بچن اور اودے چوپڑا، جو دھوم میں اے سی پی جئے ڈکشٹ اور سب انسپکٹر علی اکبر فتح خان کے طور پر مشہور تھے، کو مبینہ طور پر ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
اب فلم شائقین کے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا رنبیر کیپر ایکشن فلم سیریز کے پیچھے چھوڑی گئی میراث کے ساتھ انصاف کر پائیں گے۔
پاپرازی کی شیئر کردہ پوسٹ کے تحت ان کی کاسٹنگ کی افواہوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے پیش گوئی کی کہ ’یہ فلاپ ہوگی۔‘ جب کہ ایک اور نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’وہ فلم کو فلاپ کرنا چاہتے ہیں۔‘ ایک تیسرے نیٹیزن نے کہا کہ ’اس کو بھی بارباد کر دو، جیسی دھوم 3 کی تھی۔‘، جبکہ ایک اور نے دعویٰ کیا کہ ’آدی پورش کے بعد سب سے بڑی تباہی۔‘
کچھ انٹرنیٹ صارفین ایسے بھی ہیں جنہوں نے فرنچائز کے لیے دوسرے ستاروں کو تجویز کیا۔ مثال کے طور پر ایک تبصرے میں کہا گیا کہ ’خراب فیصلہ۔ اس کے بجائے وہ ریتک روشن اور جان ابراہم دونوں کو کاسٹ کر سکتے تھے۔ بجٹ کی کامی نہیں ہے یس راج فلمز کے پاس۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ ’یہ فلم صرف ابھیشیک بچن اور اودے چوپڑا کی ہے۔‘
اگر یہ افواہ سچ ہے تو دھوم 4 رنبیر کپور کی آنے والی فلموں کی فہرست میں ایک زبردست اضافہ ہوگا۔ اپنی آخری ریلیز اینیمل (2023) کی کامیابی کے بعد رنبیر اب نتیش تیواری کی بہت زیادہ انتظار کی جانے والی رامائن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اداکار سنجے لیلا بھنسالی کی لو اینڈ وار میں اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کے ساتھ بھی نظر آئیں گے۔