سیالکوٹ کے نواح میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سات افراد ہلاک
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے (فوٹو: پنجاب پولیس)
سیالکوٹ میں قلعہ کالر والا کے نواح میں مالوکے بھلی کے قریب نہر بی آر بی کے کنارے گاڑی پر نامعلوم ملزمان کی فاٸرنگ سے سات افراد ہلاک ہو گئے۔
ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق معاملہ پرانی دشمنی کا ہے۔ فریقین کے درمیان ضلع شیخوپورہ میں زمین کا تنازع چلا آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے شیخوپورہ پولیس کے ساتھ مل کر ریڈ شروع کر دیے گئے ہیں۔ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔