قصیم ریجن میں کون کون سی قیمتی معدنیات کے ذخائر ہیں؟
جمعرات 10 اکتوبر 2024 5:14
معدنیات کی دولت کا تخمینہ 122.3 ارب ریال لگایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل کا کہنا ہے کہ ’قصیم ریجن معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے جس کا تخمینہ 122.3 ارب ریال ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے بتایا ’ مملکت کے بیشترعلاقوں میں معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں تاہم قصیم ان میں سرفہرست ہے۔ سعودی وژن 2030 کے اہداف میں ملکی معیشت کے فروغ کے لیے کانکنی کے شعبے کو ترقی دینے شامل ہے‘۔
وزارت کے ترجمان جراح کا کہنا تھا’ قصیم ریجن میں موجود معدنیات میں سونا، چاندی ، کانسی، ایلومینیم کے علاوہ گرینائٹ، لیڈ اور ٹگنسٹن بھی موجود ہے۔ ریجن میں موجود سونے کے ذخائر کی مالیت 87.7 ارب ریال ہے جبکہ زنک کے ذخائر کی مالیت 4.7 ارب ریال ہے‘۔
قصیم ریجن میں پائی جانے والے قیمتی معدنیات 35 مقامات پر پائی جاتی ہیں جن میں سونا 16، کانسی کی 15 بیلٹس ہیں۔
قصیم میں صنعتی زون بھی وسیع ہے یہاں 580 فیکٹریاں ہیں، جن میں 85 فیصد صنعتیں چار بڑے شہروں میں قائم ہیں۔ یہاں بیشتر صنعتیں اشیائے خورونوش ، فارماسوٹیکل اور ربڑ کی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا ’ قصیم کے صنعتی زون کی فیکٹریوں میں کارکنوں کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہے جن میں 15 فیصد خواتین ملازمت کررہی ہیں‘۔