Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس سی او کا اجلاس، دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری نہ کیے

بعض صحافتی تنظیموں نے کانفرنس کی کوریج کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کوریج کے لیے مقامی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد کو نظر انداز کرتے ہوئے ایکریڈیشن کارڈ جاری نہیں کیے۔ اس وجہ سے کئی بڑے میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان کانفرنس کی کوریج سے محروم کر دیے گئے ہیں۔
کسی بھی بین الاقوامی تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر میزبان ملک کی جانب سے میڈیا کو ایکریڈیشن کارڈ کئی روز پہلے جاری کر دیے جاتے ہیں تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے ایس سی او سربراہی اجلاس کے ایک روز پہلے تک کارڈز کا اجرا مکمل نہیں ہو سکا۔
سینکڑوں صحافیوں کے اپلائی کرنے کے باوجود دفتر خارجہ نے کارڈز جاری نہیں کیے جس وجہ سے مقامی میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور صحافتی تنظیموں میں غصہ پایا جا رہا ہے۔
طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے کانفرنس کور کرنے کے خواہش مند صحافیوں کو فارم جمع کرانے کی ہدایت دی۔ تمام صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز نے کم و بیش ایک ہفتہ پہلے تمام کوائف کے ساتھ فارم پی آئی ڈی میں جمع کروائے۔ جس کے بعد دفتر خارجہ نے آن لائن فارم جاری کیا اور صحافیوں کو آن لائن فارم پُر کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ صحافیوں نے وہ آن لائن فارم بھی پُر کر کے اپنی ذمہ داری پوری کی اور اپنے کارڈز کا انتظار کرتے رہے۔
تا ہم کانفرنس سے ایک روز قبل رات گئے معلوم ہوا کہ دفتر خارجہ نے ریگولر وزارت خارجہ کور کرنے والے صحافیوں، چند اینکرز اور بیورو چیف کے علاوہ باقی صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اس معاملے میں دفتر خارجہ اور وزارت انفارمیشن گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں پھینکتے ہوئے نظر آئے۔ پورا دن پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ صحافیوں کو یہ کہہ کر تسلی دیتا رہا کہ دفتر خارجہ میں کارڈز تیار ہو رہے ہیں جو مکمل ہونے کے بعد ایک ہی بار سب کے حوالے کیے جائیں گے۔ لیکن شام تک جب کارڈز کا اجرا نہ ہو سکا اور دفتر خارجہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا یہ کہنا تھا کہ پی آئی ڈی نے انہیں کوئی معلومات یا ڈیٹا ہی فراہم نہیں کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کور کرنے والے صحافیوں کو بھی کارڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن رات گئے چند صحافیوں کو کارڈ جاری کیے گئے۔ جب باقی میڈیا نمائندگان نے اس پر احتجاج کیا تو وزارت انفارمیشن نے انہیں دفتر خارجہ سے رجوع کرنے کا کہہ دیا۔
اس صورتحال پر مقامی میڈیا تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور بعض صحافتی تنظیموں نے کانفرنس کی کوریج کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: