امارات کے اعلٰی سطح کے سرمایہ کاری وفد کا دورہ، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: وزیراعظم ہاؤس
متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں اماراتی سرمایہ کاروں کے ایک اعلٰی سطح کے وفد نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
سنیچر کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم کا اُن کے فوری تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کو اجاگر کیا جس نے دونوں ممالک میں ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اعلٰی سطح کے وفد کا یہ دورہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان میں ابوظبی (اے ڈی) پورٹس کی موجودہ سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے وفد نے پاکستان میں جہاز رانی، بندرگاہوں کی کارکردگی میں اضافے، لاجسٹک اور کسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیراعظم نے ابوظبی (اے ڈی) پورٹس گروپ کے ساتھ میری ٹائم افیئرز، ایوی ایشن، ریلویز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق چار مفاہمتی یادداشتوں پر دستطخوں اور ان کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کے مطابق پاکستان اور اے ڈی پورٹس گروپ کسٹم، ریل، ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے اور میری ٹائم شپنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کی جگہیں تلاش کریں گے۔
ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد ڈیجیٹل کسٹم کنٹرول کو بہتر بنانا، مال بردار ریل راہداریوں کو تیار کرنا، پاکستان کے بحری بیڑے اور میرین سروسز کے ساتھ پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے متحدہ عرب امارات کے وفد میں شیخ احمد دلموک المکتوم، کاہیل گروپ کے چیئرمین، کیپٹن محمد الشمیسی، مینجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ابوظہبی پورٹس گروپ، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی اور اے ڈی پورٹس کے سینیئر حکام شامل تھے۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل تھے۔