شاہی فرمان: سعودی ولی عہد کی سفارش پر سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام میں توسیع
بیان میں کہا گیا پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی جاری رہے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر حساب المواطن (سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام) میں توسیع اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کو مزید ایک سال تک اضافی معاونت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہی فرمان کے تحت اضافی معاونت کی فراہمی 2027 کے اختتام تک جاری رہے گی۔ اس کے ساتھ پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی کھلا رہے گا۔
واضح رہے کہ اس پروگرام کا اعلان دسمبر 2016 میں کیا گیا تھا اور اسے فروری 2017 میں رجسٹریشن کے لیے کھولا گیا تھا۔
یہ سعودی خاندانوں کو مختلف معاشی اصلاحات کے اثرات سے بچانے کے لیے شروع کیا گیا تھا جس سے معاشرے کے کچھ طبقات پر اضافی بوجھ پڑ سکتا تھا۔
