Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا امدادی قافلہ نئے خیمے لے کر غزہ پہنچ گیا

بارش اور تیز ہواؤں نے کئی خمیوں اور عارضی شیلٹرز کو نقصان پہنچایا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی امدادی مہم کے تحت کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک قافلہ نئے خیمے لے کر دیر البلاح پہنچا ہے۔
یہ امدادی قافلہ بڑھتے ہوئے انسانی اور موسمی چیلنجز کے درمیان غزہ پہنچا ہے۔ خصوصا ایسے وقت جب حالیہ موسمی صورتحال سے بے گھر افراد کے کیمپوں میں بارش اور تیز ہواؤں نے کئی خمیوں اور عارضی شیلٹرز کو نقصان پہنچایا۔
ایس پی اے کے مطابق ان حالات نے نئے خمیوں کی ضرورت میں اضافہ کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بدلتے ہوئے موسم سے محفوظ رکھا جا سکے۔
 غزہ میں امدادی ایجنسی کے مقامی شراکت دار سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج نے یہ امداد وصول کی۔ یہ خیمے ان بے گھر خاندانوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں جن کے مکانات تباہ یا متاثر ہوئے ہیں۔
یہ امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کنگ سلمان سینٹر کے ذریعے فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یاد رہے رواں ماہ ہونے والی شدید بارشوں سے غزہ میں دسیوں ہزار خیمے زیر آب آ گئے تھے۔ 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران تقریباً پوری آبادی کم از کم ایک بار بے گھر ہو چکی ہے اور لاکھوں افراد اب بھی خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

 

شیئر: