سعودی عرب کی جازان بندرگاہ پر حوثیوں کا میزائل سے حملہ، معمولی نقصان
ترجمان کا کہنا ہے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ بدھ کی رات حوثی ملیشیا کی جانب سے جنوب مغربی جازان کی بندرگاہ پر میزائل حملہ کیا گیا جس سے معمولی نقصان ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے بیان میں کہا اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ حملے میں استعمال کیے جانے والے پروجیکٹائل کی قسم کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
اتحاد نے نقصان کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس سے قبل سعودی فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی صبح الشرقیہ ریجن کی جانب داغے جانے والے تین ڈرون جبکہ راس تنورہ کے اوپر چار ڈرون مار گرائے جبکہ عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر موجود آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے ریاض میں ایک شہری عمارت کو نشانہ بنانے کے بعد کی گئی، جس کی اعلیٰ سفارت کاروں کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی تھی۔۔
سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے منگل کو بتایا گیا تھا کہ ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو سعودی شہری، دو انڈین، تین نیپالی اور چار مصری شامل ہیں۔
حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
