دہشتگردی میں ملوث تین افراد کی سزائے موت پرعمل درآمد
جمعرات 21 نومبر 2024 19:07
تینوں نے بیرون ملک سے عسکری امور کی تربیت لی تھی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عسیر ریجن میں دہشتگردی میں ملوث دو سعودی اور ایک یمنی کی سزائے موت پرجمعرات کوعمل درآمد کر دیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے دہشتگردی کی فنڈنگ کے لیے لوٹ مار کرنے اور مملکت کے امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ۔
دہشتگردی کے الزام میں گرفتار ہونے والوں میں صالح مرعی مبارک الصیعری(سعودی شہری) علی بن صالح مبارک الصیعری ( سعودی ) اور متعب عمر الصیعری (یمنی) کو دہشتگرد تنظیم سے تعلق رکھنے اور تنظیم کے لیے سرمایہ اکھٹا کرنے کی غرض سے مسلح ڈکیتیاں کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے بیرون ملک سے عسکری امور کی تربیت بھی حاصل کی اور دہشتگرد تنظیم سے منسلک ہو کر اس کے لیے کام شروع کیا ۔ ملزمان نقص امن عامہ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے ۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے پاس موجود تمام ثبوتوں کو اپنی تحویل میں لے کر انکا کیس ادارہ پراسیکیوشن کے سپرد کردیا گیا۔
ادارہ پراسیکیوشن نے ملزمان کے بارے میں تفتیشی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقدمہ دہشتگردی کی خصوصی فوجداری عدالت کو ارسال کیا۔ عدالت میں اقبال ِ جرم کرنے اور شواہد و ثبوتوں کی موجودگی میں انکے خلاف موت کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جو مسترد ہونے کے بعد ایوان شاہی سے بھی سزائے موت پر عمل درآمد کے احکامات کی توثیق کردی گئی تھی جس پر جمعرات 21 نومبر کو عسیر ریجن میں عمل درآمد کردیا گیا۔