مسجد نبوی میں ایک سال کے دوران 8 ہزار 335 طلبا نے قرآن حفظ کیا
جمعرات 8 جنوری 2026 21:23
دروسِ قرآن کے حلقوں سے سالانہ 1.2 ملین افراد مستفیض ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ مسجد نبوی میں 2025 کے دوران قرآنی تعلیم کے حلقوں میں 8 ہزار 335 طلبا و طالبات نے قرآن کریم حفظ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد نبوی میں دینی تعلیم کے پروگرام سے جہاں عام طلبا مستفیض ہوتے ہیں۔
علوم دینی سے سالانہ بنیادوں پر دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے زائرین اور حجاج بھی فیض یاب ہوتے ہیں۔
جاری اعداد وشمار کے مطابق مسجد نبوی کے دروسِ قرآن کے حلقوں سے سالانہ 1.2 ملین عمرہ زائرین و حجاج مستفیض ہوتے ہیں جبکہ 2 لاکھ کے قریب قرآن کریم و سنت نبوی کلاسوں سے فارغ ہونے والوں کو اسناد جاری کی گئی، علاوہ ازیں 2 لاکھ نئے طلبا و طالبات رجسٹرکیے گئے۔
مسجد نبوی کے حلقوں میں 170 ممالک کے طلبا مستفیض ہوئے اور ایک لاکھ 86 ہزار کے قریب سنت نبوی اور علمی نصوص کے لائسنس جاری کیے گئے۔
سنت نبوی اورعلمی نصوص کے شعبہ حفظ سے 25 ہزار طلبا و طالبات فراغ التحصیل ہوئے ہیں۔

ورچوئل قرآنی تعلیم پروگرام میں 40 ہزار طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کی گئی اور 3 ہزار سے زیادہ تعلیمی حلقوں کا بندوبست کیا گیا، ان حلقوں کی نگرانی کے لیے 1500 مرد وخواتین اساتذہ کو متعین کیا گیا۔
یومیہ بنیادوں پر طلبا میں 30 لاکھ سے زیادہ خوراک کے پیکٹس تقسیم کیے تاکہ دوران تعلیم طلبا کی خوراک کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔
