انڈیا کی مشہور کامیڈی فلم ’گول مال‘ کے پانچویں حصے کی فروری سے شوٹنگ
جمعرات 8 جنوری 2026 22:38
روہت شیٹی اور اجے دیوگن کا ماننا ہے کہ اس کا سکرپٹ پہلی چاروں فلموں کے مقابلے میں مزاح سے زیادہ پُر ہے۔ (فائل فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
ڈائریکٹر روہت شیٹی اور اداکار اجے دیوگن نے گذشتہ 20 سے زائد برسوں میں ’گول مال‘ کی شکل میں انڈین سینما کی کامیاب ترین کامیڈی فرنچائز تخلیق کی ہے۔ اس فرنچائز کی ہر فلم نے باکس آفس پر شاندار کاروبار کیا۔
بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق روہت اور اجے کی یہ کامیاب جوڑی اب ’گول مال 5‘ کے لیے پھر سے اکٹھے کام کرنے لگی ہے۔
’گول مال 5‘ کی رواں برس فروری کے آخر میں شوٹنگ شروع ہو جائے گی۔ روہت شیٹی اور اجے دیوگن کو اس فلم پر بہت یقین ہے اور ان کا ماننا ہے کہ اس کا سکرپٹ پہلی چاروں فلموں کے مقابلے میں مزاح سے زیادہ پُر ہے۔
ایک سورس کے مطابق اس فلم میں فرنچائز کا مزاحیہ عنصر شامل ہے لیکن اس کی کہانی ایسی ہے جو اس سے پہلے ’گول مال‘ سیریز کی کسی فلم میں نظر نہیں آئی۔
روہت ممبئی کے سابق پولیس کمشنر رکیش ماریا کی زندگی پر بننے والی فلم کی جان ابراہیم کے ساتھ شوٹنگ رواں مہینے کے آخر میں ختم کر لیں گے۔ اور اس کے بعد وہ ’گول مال 5‘ کی شوٹنگ شروع کریں گے جو سنہ 2027 میں ریلیز کی جائے گی۔ فروری سے جولائی تک فلم کی بغیر رکے شوٹنگ ہو گی اور سنہ 2027 کے پہلے اوائل میں اسے ریلیز کر دیا جائے گا۔
اجے دیوگن کے علاوہ فلم کی باقی کاسٹ بھی پہلے والی ہی ہو گی۔
