Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 500 مظاہرین گرفتار، علی امین گنڈاپور مانسہرہ میں

یہ لائیو پیج اب مزید اپ ڈیٹ نہیں ہو رہا ہے
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی محفوظ ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں مانسہرہ پہنچے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما زلفی بخاری نے عرب نیوز کو بتایا تھا کہ علی امین اور بشریٰ بی بی احتجاجی کاررواں کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ پانچ سو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف متعدد افراد کی ہلاکتوں کا دعویٰ کر رہی ہے۔
رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی فرار ہوگئے ہیں۔
رات گئے ڈی چوک میں  میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی گرفتار ہوئے ہیں یا فرار، تو ان کا جواب تھا کہ ’ابھی تک وہ فرار ہیں۔‘
پولیس اور رینجرز نے ڈی چوک اور بلیو ایریا کو  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین سے مکمل خالی کروایا تھا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں جزوی طور پر انٹرنیٹ سروس بحال

اسلام آباد میں حکام کے مطابق گرینڈ آپریشن مکمل ہونے پر دیگر صوبوں کی نفری واپس روانہ ہو گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں جزوی طور پر موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ بھی بحال ہو گئی ہے۔
وزیر داخلہ کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کچھ ہی دیر میں بحال کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور مانسہرہ میں، آج پریس کانفرس کریں گے

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ اور عمر ایوب خان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
علی امین خان گنڈا پور بشریٰ بی بی اور عمر ایوب خان آج سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کی رہائش گاہ انصاف سیکریٹریٹ مانسہرہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے۔

اسلام آباد میں بند راستے کھولنے کی ہدایت
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بند راستے کھولنے کی ہدایت کی جبکہ اس دوران بڑی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے ایک بیان میں کہا کہ تمام بند راستے فوری طور پر کھول دیے جائیں۔
دوسری جانب چار روز سے بند موٹرویز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم اسلام آباد پشاور موٹروے پر تاحال رکاوٹیں موجود ہیں۔

علی امین اور بشریٰ بی بی ابھی تک تو فرار ہیں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی فرار ہوگئے ہیں۔
رات گئے ڈی چوک میں  میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی گرفتار ہوئے ہیں یا فرار، تو ان کا جواب تھا کہ ’ابھی تک وہ فرار ہیں۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ سڑکیں فوری طور پر کھول دی جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکول پرسوں سے کھل جائیں گے اور موبائل انٹرنیٹ بھی بحال کیا جائے گا۔
’ہم نے دو دفعہ ان کو کہا کہ سنگجانی میں جلسہ کریں۔‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ امید ہے کل کا دن نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہوگا۔

شیئر: