Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میسی کے بیٹے تھیاگو کا ارجنٹائن یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں ڈیبیو

تھیاگو نے والد کی طرح نمبر 10 کی جرسی پہن کر میدان میں قدم رکھا ہے۔ فوٹو گیٹی امیجز
ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی کے بڑے بیٹے تھیاگو میسی نے روزاریو کے دیہی علاقے میں کھیلے جانے والے ’نیوویلز کپ‘ یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں ڈیبیو میچ کھیلا ہے۔
 امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 12 سالہ تھیاگو نے انٹر میامی کی یوتھ ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے اپنے والد کی طرح نمبر 10 کی جرسی پہن کر میدان میں قدم رکھا ہے۔

انٹر میامی کی یوتھ ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں میچ کھیلا۔ فوٹو انسٹاگرام

لیونل میسی نے بھی اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز ارجنٹائن کی اسی کلب سے کیا تھا، یہ فٹبال کلب دارالحکومت بیونس آئرس سے 300 کلومیٹر شمال مغرب میں ہے۔
انٹر میامی کی ٹیم  کو پیر کے روز نیوویلز اولڈ بوائز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تھیاگو میسی کا ڈیبیو میچ دیکھنے کے لیے لیونل میسی خود تو موجود نہیں تھے تاہم ان کی اہلیہ انتونیلا، دادا جارج ، دادی سیلیا  اور خاندان کے دیگر افراد سٹیڈیم میں موجود تھے۔

سٹیڈیم میں والدہ اور دادا دادی خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ موجود تھے۔ فوٹو اے پی

تھیاگو نے دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں قدم رکھا اور اپنے دوست یوراگوئین فٹبالر سٹرائیکر لوئس سواریز کے بیٹے بینجمن سواریز کے ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آئے۔
یوراگوئین فٹبالر لوئس سواریز انٹر میامی اور بارسلونا کلبز میں لیونل میسی کے ساتھی رہ چکے ہیں اور ان کے قریبی دوست ہیں۔
یوتھ ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن میں شمالی اور جنوبی امریکہ سے تعلق رکھنے والی آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

شیئر: