ھروب کینسل کرانے کی 60 دن کی مہلت کن غیرملکی کارکنوں کے لیے ہے؟
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے مطابق اضافی مہلت کا مقصد کارکنوں کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ ’وہ غیرملکی کارکن جن کا سٹیٹس ’کام سے غیرحاضر‘ (ھروب) کا ہے انہیں یکم دسمبر 2024 سے 60 دن کی اضافی مہلت دی گئی ہے۔‘
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دی جانے والی اضافی مہلت پیشہ ورانہ امور سے منسلک کارکنوں کے لیے ہے جس کا مقصد کارکنوں کے حالات کو بہتر بناناہے۔‘
وزارت کا کہنا تھا کہ ’کارکنوں کے اصلاحِ حال کی جو مہلت دی گئی ہے اس کے لیے لازمی ہے کہ جن کارکنوں کا سٹیٹس کام سے غیرحاضر (ھروب) ہے انہیں چاہیے کہ وہ مقررہ مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے لیے دوسرا سپانسر تلاش کریں یا 60 دن کے اندر فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) لگوا لیں۔‘
وزارت نے اس کیٹگری کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ وزارت کے ذیلی پورٹل ’قوی‘ پر اپنے معاملات کو درست کرنے کےلیے کاروائی مکمل کریں تاکہ جلد از جلد وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دے سکیں۔‘
واضح رہے وزارت محنت کی جانب سے ہروب کو کینسل کرانے کےلیے 60 روزہ مہلت سے تجارتی اداروں کے کارکنان مستفیض ہوں گے۔
دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد کارکن کی فائل سیز کردی جائے گی اور ان کا سٹیٹس مستقل غیرحاضر کے طور پر سسٹم میں ظاہر ہو گا جس کے بعد ہروب کو کینسل کرانے کا مرحلہ دشوار ہوسکتا ہے۔
علاوہ ازیں مہلت سے مستفیض ہونے والوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ادارے کا کہنا تھا’ ہروب کینسل کرنے کے لیے جو مہلت دی گئی ہے اس میں گھریلو کارکنان شامل نہیں۔‘