Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی تاریخ کے پہلے ہندو اے ایس پی راجندر میگھوار کون ہیں؟

راجندر میگھوار کے والد لعل جی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں(فائل فوٹو: راجندر میگھوار)
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہندو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی) تعینات ہو گئے ہیں۔
سندھ کے ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر میگھوار نے فیصل آباد میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
فیصل آباد پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پہلے ہندو افسر راجندر میگھوار کی تعیناتی گلبرگ سرکل میں بطور اے ایس پی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ ہمارے لیے بھی اعزاز کی بات ہے کہ ایک ہندو افسر فیصل آباد میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ پولیس کے محکمے میں ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔‘
ان کے مطابق دیگر مذاہب کو ماننے والے کئی اہلکار پولیس محکمے میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں تاہم اس عہدے پر راجندر مینگھوار جیسے افسر کی یہ پہلی تعیناتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق راجندر میگھوار گلبرگ سرکل میں اپنے خدمات انجام دیں گے جس کے لیے وہ خود بھی تیاری کر چکے ہیں۔
راجندر مینگھوار کون ہیں؟
راجندر میگھوار کا تعلق صوبہ سندھ کے دور دراز علاقے بدین سے ہے۔ انہوں نے میٹرک تک تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے جامشورو میں یونیورسٹی آف سندھ میں داخلہ لیا اور انگلش لٹریچر میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

راجندر میگھوار کا تعلق صوبہ سندھ کے دور دراز علاقے بدین سے ہے (فائل فوٹو: راجندر مینگھوار)

راجندر میگھوار نے بیچلرز کی تعلیم دسمبر 2019 میں مکمل کی جس کے بعد وہ لاہور چلے آئے۔ لاہور میں انہوں نے 6 ماہ تک مقابلے کے امتحان کے لیے تیاری کی۔
اس دوران وہ جناح باغ میں قائم جناح لائبریری بھی جاتے رہے جہاں وہ کئی کئی گھنٹے مطالعے میں مصروف رہتے تھے۔
انہوں نے مقابلے کا امتحان سنہ 2021 میں پاس کیا جس کے بعد وہ پولیس سروسز میں شامل ہوئے۔
رواں برس قذافی سٹیڈیم میں کئی میچز کے دوران وہ سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے چکے ہیں تاہم فیصل آباد پولیس میں یہ ان کی پہلی باقاعدہ تعیناتی ہے۔
راجندر میگھوار کے والد لعل جی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔

راجندر میگھوار نے مقابلے کا امتحان سنہ 2021 میں پاس کیا (فائل فوٹو: راجندر مینگھوار)

اس سے قبل ملکی تاریخ میں پہلی بار ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون سُمن بودانی کو سول جج کے عہدے پر تعینات کیا جا چکا ہے جن کا تعلق سندھ کے ضلع شہداد کوٹ سے ہے۔
اسی طرح عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والی پشپا کماری اسٹنٹ سب انسپیکٹر کے کمیشن میں کامیابی حاصل کرنے والی پہلی خاتون اے ایس آئی ہیں۔
پشپا کماری کا تعلق کولہی برادری سے ہے۔

شیئر: