سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے سی ای او ڈاکٹر ایمن غلام نے کہا ہے کہ ’ ارلی وارننگ سسٹم کے ذریعے رواں برس کے آغاز سے اب تک 20 ہزار سے زائد الرٹ جاری کیے ہیں۔‘
ریاض میں ’کوب 16 ‘ کانفرنس میں اخبار 24 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرغلام نے مزید کہا ’عرب ممالک کی سطح پر مملکت میں کام کرنے والا ’ ارلی وارننگ‘ سسٹم اپنی نوعیت کا پہلا نظام ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے قبل ازوقت مطلع کرتا ہے جس سے موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کےلیے کامیابی سے قبل از وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جاتی ہیں۔‘
ڈاکٹر ایمن غلام نے مزید بتایا ’ قومی مرکز میں وارننگ سسٹم کی تنصیب سال 2009 کے سیلاب کے فوری بعد 2010 میں کی گئی تھی۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’فضائی وارننگ سسٹم محض چند سیکنڈز میں 300 سے زائد متعلقہ اداروں کو وارننگز ارسال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس میں موسمی حالات کی مکمل معلومات ہوتی ہیں۔‘