مصر میں بینڈ باجے کے بجائے پولیس شادی ہال پہنچ گئی
بینڈ باجہ لانے والی گاڑی نے راستے میں تین افراد کو کچل دیا تھا ( فائل فوٹو: عکاظ)
مصر میں ٹرک ڈرائیور کی لاپرواہی سے شادی کی تقریب درھم برھم ہو گئی۔
دلہن کی رخصتی کے لیے بینڈ باجے کا سامان لانے والے ٹرک ڈرائیور نے وقت پر شادی ہال پہنچنے کی کوشش میں راستے میں تین افراد کو کچل دیا تھا۔
عکاظ نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ مصر میں شادی کی تقریب اس وقت غم میں تبدیل ہو گئی جب بینڈ باجے کی جگہ شادی ہال میں پولیس نفری پہنچ گئی۔
پولیس نے بتایا جوڑے کی رخصتی بغیر بینڈ باجے کے ہو گی کیونکہ ڈرائیور کو ایک شخص کے قتل اور دو کو زخمی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وہ ٹرک بھی جس پر سامان لدا ہوا تھا پولیس کی تحویل میں ہے۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرک ڈرائیور شادی ہال میں جلدی پہنچنے کی کوشش میں تھا جس کی وجہ سے وہ انتہائی تیز رفتاری سے ٹرک چلا رہا تھا کہ اچانک اس کی زد میں دو افراد آگئے جنہیں روندا ہوا نکل گیا۔
ڈرائیور کی اس حرکت کو دیکھ کر وہاں موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی مگر وہ فرار ہو گیا۔ لوگوں نے اس کا تعاقب کیا اسی دوران ٹرک نے ایک اور شخص کو کچل دیا جو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ڈرائیور تیسرے شخص کو کچل کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ لوگوں نے اسے گھیر لیا اور پولیس کو مطلع کردیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک اپنی تحویل میں لے لیا۔