Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مذاکرات کامیاب، متنازع صدارتی آرڈیننس واپس

عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ 90 روز میں چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل ہوگا (فوٹو: عوامی ایکشن کمیٹی)
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی سے متعلق متنازع صدارتی آرڈیننس واپس لے لیا گیا ہے۔ گزشتہ چار دن سے احتجاج کرنے والی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے متعدد مطالبات کو تسلیم کر لیا ہے جن میں وہ متنازع صدارتی آرڈیننس بھی شامل ہے جس کی منظوری ایک ماہ قبل دی گئی تھی۔
عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ 90 روز کے اندر 12 نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل ہو گا۔
حکومت اس آرڈیننس کے تحت گرفتار کیے گئے رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرنے پر بھی رضامند ہو گئی ہے۔
اتوار کی صبح راولاکوٹ سے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما سردار لیاقت حیات خان اور ان کے ساتھیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کی شام دارالحکومت مظفرآباد سے گرفتار جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے صدر مجتبیٰ بانڈے اور ان کے ساتھی علی شمریز کو بھی رہا کر دیا گیا تھا۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے سرکردہ رکن شوکت نواز میر نے شنیچر کی صبح معاہدے کی منظوری اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
اس اعلان کے بعد مظاہرین کے قافلے دارالحکومت مظفرآباد پہنچنے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت نے لال چوک مظفرآباد میں ایک جلسہ بھی کیا۔ اس دوران شہریوں کو عوامی ایکشن کمیٹی کے سرکردہ رکن شوکت نواز میر کو کندھوں پر اٹھایا اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
کشمیر کی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاملات طے پا جانے کے بعد کشمیر کے تمام اضلاع میں گذشتہ چار دن سے جاری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔
سنیچر کی سہ پہر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حکومت کے ساتھ مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد مختلف اضلاع سے مظاہرین نے پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے انٹری پوائنٹس کی جانب مارچ کا آغاز کر دیا تھا۔

راولاکوٹ سے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما سردار لیاقت حیات اور ان کے ساتھیوں کو رہا کر دیا گیا ہے (فوٹو: عوامی ایکشن کمیٹی)

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے گزشتہ ڈیڑھ برس سے کشمیر میں حکومت مخالف تحریک جاری ہے۔ رواں برس مئی میں حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈز میں شامل کچھ مطالبات کو منظور کر لیا تھا۔
اس کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی دیگر مطالبات کے لیے سرگرم رہی لیکن 30 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے لائے گئے ایک صدارتی آرڈیننس کے بعد کشمیر میں ایک مرتبہ پھر احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔
اس دوران آل پارٹیز رابطہ کمیٹی کے پلیٹ فارم بھی مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے مختلف شہروں میں بڑے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اس احتجاجوں کے دوران کئی مظاہرین گرفتار کیے گئے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے نومبر میں حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اس ’متنازع صدارتی آرڈیننس کو فوری طور پر منسوخ اور اس کے تحت گرفتار کیے افراد کو رہا کیا جائے۔‘

شیئر: