Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں معمر افراد کو پریولیج کارڈ جاری کیا جائے گا

پریولیج کارڈ مخصوص پارکنگ کے لیے بھی کارآمد ہو گا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت میں بزرگ افراد کے نگران ادارے کی  ڈائریکٹر جنرل ابتسام الحمیزی کا کہنا ہے کہ’معمر افراد کی سہولت کے لیے ’توکلنا‘ ایپ پر پریولیج کارڈ جاری کیا جائے گا۔‘
سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت کی ڈائریکٹر نے معمر افراد کی سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’60  برس سے زائد عمر کے افراد کے احترام کے لیے آئندہ دو ماہ تک پریولیج کارڈ جاری کیا جائے گا, وہ مخصوص پارکنگ کے لیے بھی کارآمد ہو گا۔‘
ڈائریکٹر ابتسام الحمیزی نے مزید کہا کہ ’مملکت میں سن رسیدہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے 23 نکاتی ضوابط وضع کیے گئے ہیں. جن میں ان کے حقوق اور واجبات کو بیان کیا گیا ہے جس کے تحت وہ سعودی شہری جن کی عمر 60 یا اس سے زائد ہے انہیں معاشرے میں بہترسہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’توکلنا‘ ایپ کی انتظامیہ سے اس بارے میں معاملات طے کیے جا رہے ہیں تاکہ جلد کارڈ معمر افراد کے لیے جاری کیا جا سکے۔
مقررہ ضوابط کے مطابق پریولیج کارڈ کے معمر شخص کو مقررہ سرکاری یا نجی اداروں میں سہولتیں فراہم نہ کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
مجوزہ ’اولڈ ایج پریولیج کارڈ‘ کے حوالے سے سماجی امور کے مشیر طلال الناشری کا کہنا ہے کہ وزارت افرادی قوت کی جانب سے یہ مثالی اقدام کیا گیا ہے۔ معمر افراد کے لیے پارکنگ کی سہولت فراہم کیا جانا ان کے لیے آرام و سکون کا باعث ہو گا۔

شیئر: