جدہ انٹرنیشنل کتب میلے کا افتتاح ، 21 دسمبر تک جاری رہے گا
جدہ انٹرنیشنل کتب میلے کا افتتاح ، 21 دسمبر تک جاری رہے گا
جمعرات 12 دسمبر 2024 18:32
میلے میں 22 ممالک کے اشاعتی ادارے شرکت کررہے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
جدہ سپرڈوم میں لٹریچر اینڈ ٹرانسلیشن کمیٹی کے زیر انتظام انٹرنیشنل کتب میلے کا افتتاح جمعرات کو کیا گیا ۔ میلے میں ایک ہزار سے زائد مقامی اور عالمی شہرت یافتہ پبلشرز شرکت کررہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق میلہ 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ میلے میں 450 سے زائد پیولینز بنائے گئے ہیں۔
کتب میلے میں ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ تعلیمی اور ادبی محافل اور ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ بچوں کی دلچسپی کے لیے بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
بچوں کے لیے بنائے گئے سیکشن میں تعلیمی کہانیاں اور ڈرائینگ کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں علاوہ ازیں ٹی وی کارٹون کی تیاری کے مراحل سے بھی بچوں کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
کتب میلے میں بچوں کی دلچسپی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
پبلشنگ ادارے کے جنرل ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے بتایا کہ جدہ کتب میلے میں سب سے ترجمہ اور ادب کے شعبے کو کافی اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے ادب وثقافت کا تبادلہ ہوتا ہے اور ایک ملک کے شہری دوسرے ملک کے بارے میں اچھی طرح معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے ترجمہ و ادب شعبے کی جانب سے رواں برس یہ تیسرا کتب میلہ ہے جس کا افتتاح جدہ میں کیا گیا ۔ قبل ازیں اگست 2024 میں مدینہ منورہ میں کتب میلے کا انعقاد کیا گیا تھا دوسرا کتاب میلہ اکتوبر میں ریاض میں منعقد ہوا تھا ۔