Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شارجہ میں گیارہ روزہ عالمی کتب میلہ 4 نومبر سے

سیکڑوں عرب اور بین الاقوامی پبلشر شرکت کریں گے۔(فائل فوٹو)
 شارجہ  میں عالمی کتب میلے کا 39 واں ایڈیشن 4 سے 14 نومبر 2020 تک ہوگا۔ اس میں سیکڑوں عرب اور بین الاقوامی پبلشر شرکت کریں گے۔
  امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے تین کتب میلوں میں سے ایک شارجہ بین الاقوامی کتب میلے کےلیے تاریخ میں پہلی مرتبہ منفرد آن لائن۔ آف لائن ہائبرڈ پروگرامنگ اپنائی گئی ہے جس میں ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا یادگار مجموعہ پیش کیا جائے گا۔
میلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ نیا فارمیٹ شرکا کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر صحت اور حفاظت کے پروٹوکول کے مطابق ہے۔
میلے کا ثقافتی پروگرام مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا تاہم پبلشرز ایکسپو سنٹر شارجہ میں موجود ہوں گے تاکہ ملک بھر میں کتابوں سے محبت کرنے والے افراد کتابوں کی تلاش اور اس کی خریداری سے لطف اندوز ہوسکیں۔
گیارہ روزہ پروگرام میں بچے، نوجوان اور بڑے پبلشنگ ہاؤس کے عملے سے ملنے کے علاوہ اپنی پسند کی کتب دیکھ اور پڑھ سکیں گے۔

بچے، نوجوان اپنی پسند کی کتب دیکھ اور پڑھ سکیں گے۔(فوٹو ٹوئٹر)

شارجہ بین الاقوامی کتب میلہ 2020 کا مرکزی خیال شارجہ کی عرب ثقافت کے تخلیقی مرکز کے طور پر حیثیت کا اجاگر کرتا ہے۔ شارجہ نے ہمیشہ دانشوروں، ادیبوں اور فنکاروں کو اکھٹا کرکے تجربات کے تبادلے اور ان کے کام کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
شارجہ بک اتھارٹی کے چیئرمین احمد بن رکعد العمیری نے کہا کہ’ مشکل حالات میں بھی ثقافتی سرگرمیاں رکنی نہیں چاہئیں کیونکہ پڑھنا اور علم کے ذریعے لوگوں کی زندگی کو تقویت پہنچانا معاشرتی ترقی اور خوشحالی کا ایک اہم محرک ہے۔

شیئر: