سرکاری ملازمین سمیت 158 افراد کرپشن کے الزام میں گرفتار
’زیر حراست افراد پر رشوت اور منصب کے ناجائز اور ذاتی استعمال کا الزام ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ انسداد کرپشن نے کہا ہے کہ مالی بدعنوانی کے الزام میں 158 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ کیس میں 396 افراد سے تفتیش کی گئی ہے جبکہ 1076 تفتیشی دورے کئے گئے ہیں۔
محکمہ انسداد کرپشن نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان میں سے بعض وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت نیشنل گارڈ، وزارت صحت، وزارت انصاف، وزارت تعلیم، وزارت تجارت اور وزارت بلدیات کے ملازمین ہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’زیر حراست افراد پر رشوت اور منصب کے ناجائز اور ذاتی استعمال کا الزام ہے‘۔
’تفتیش مکمل کرنے پر بعض گرفتار شدگان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے جبکہ کیس عدالتی کاررائی کے لیے داخل کیا گیا ہے‘۔