Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی سلامتی و خود مختاری ’ریڈ لائن‘ ہے، مصر اور امارات کا ردعمل

اسرائیلی عہدیداروں کے بیانات کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مصری وزارت خارجہ نے سنیچر کو اسرائیلی عہدیداروں کی جانب سے سعودی سرزمین پر فلسطینی ریاست کے قیام کی تجویز سے متعلق بیانات کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ’وہ اس تجویز کو سعودی خود مختاری کی براہ راست خلاف ورزی سمجھتے ہیں اور مملکت کی سلامتی مصر کےلیے’ ریڈ لائن‘ ہے۔
 ’سعودی عرب کا استحکام ، قومی سلامتی مصر اور عرب ممالک کی سلامتی و استحکام کا حصہ ہے۔ اسرائیلی بیان سعودی عرب کی خود مختاری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق پر حملہ ہے۔‘
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی سعودی عرب میں فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
امارات نے  ان ناقابل قبول بیانات کو مسترد کیا جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلا ف ورزی ہے۔
امارات کے وزیر مملکت خلیفہ بن شاہین المرر نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، استحکام، اور خود مختاری کو لاحق تمام خطرات کے خلاف اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا۔
وام کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ’ امارات سعودی عرب کی خود مختاری کو ایک ناقابل تنسیخ ریڈ لائن سمجھتا ہے۔‘
انہوں نے فلطسیینوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے امارات کے تاریخی اور ٹھوس موقف کا اعادہ کیا، تنازع کے حل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ سیاسی کوششوں پر زور دیا۔ علاقائی استحکام صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

 

شیئر: