جنیوا ایگزبیشن: سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر نے خصوصی ایوارڈ اور 19 میڈل جیتے
سعودی پویلین میں ہیلتھ کیئرسیکٹر میں 20 انوویشن کی نمائش کی گئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
جنیوا انٹرنیشنل ایگزبیشن آف انوویشن میں سعودی ہیلتھ کیئر سیکٹر نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک خصوصی ایوارڈ اور 19 میڈل اپنے نام کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت اور سعودی ہیلتھ ایکو سسٹم نے 11 سے 15 مارچ تک جاری رہنے والی نمائش میں خصوصی طور پر شرکت کی، صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے متعدد اداروں نے بھی حصہ لیا۔
ہیلتھ سیکٹر میں سعودی عرب کی نمایاں کامیابی کو مملکت میں جدید میڈیکل انوویشن کے فروغ اور خدمات کے معیار میں بہتری کے سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جارہا ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں اہم پیش رفت ہے۔
سعودی پویلین میں ہیلتھ کیئرسیکٹر میں نمایاں ترقی اور طبی خدمات کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق 20 انوویشن کی نمائش کی گئی۔
قومی ادارہ صحت برائے ریسرچ نے ایک خصوصی ایوارڈ اور پانچ میڈل حاصل کیے جن میں دو اعزازی گولڈ میڈل اور ایک گولڈ اور 2 سلور میڈل شامل ہیں۔
اسی طرح سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل نے ایک براونز میڈل جبکہ سعودی ہلال الاحمر اتھارٹی نے ہنگامی طبی خدمات اور ایمبولینس سروسز کی بہتری سے متعلق اپنی ایک ایجاد پر سلور میڈل حاصل کیا۔

ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی اور اس کے تحت قائم ہیلتھ کلسٹرز نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی، کمپنی کو ایک سلور اور 12 دیگر میڈل جن میں گولڈ، سلور اور براونز شامل تھے دیے گئے۔
طائف اور حائل ہیلتھ کیئر نے دو گولڈ میڈل حاصل کیے جبکہ جدہ کو ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل دیا گیا۔
حدود الشمالیہ اور الباحہ ہیلتھ کیئر نے براونز میڈل حاصل کیا جبکہ قصیم کو ایک سلور اور ایک براونز میڈل ملا۔ ریاض، جازان اور نجران ہیلتھ کیئرز نے براونز میڈل جیتے ہیں۔
