2022 میں ایک کار حادثے میں انڈین کرکٹر رشبھ پنت کی جان بچانے والے شخص رجت کمار نے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔
یہ واقعہ 9 فروری کو اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے گاؤں بُچھا بستی میں پیش آیا۔
گھر والوں کی جانب سے رشتہ مسترد کیے جانے پر 25 برس کے رجت کمار اور ان کی 21 برس کی دوست منو کیشپ نے مبینہ طور پر زہر کھا لیا۔ منو کیشپ کی علاج کے دوران موت واقع ہو گئی اور رجت کمار کی حالت تشویشناک ہے۔
مزید پڑھیں
-
انڈیا میں شادی کی تقریب میں رقص کے دوران 23 سالہ لڑکی کی موتNode ID: 885665
دونوں کے خاندانوں نے ان کی شادیاں کہیں اور طے کر دی تھیں، اور ذات پات کے مسئلے کی وجہ سے ان کا رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
گھر والوں کے اس انکار کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی۔ منو کیشپ کی موت کے بعد، ان کی والدہ نے الزام لگایا کہ رجت کمار نے ان کی بیٹی کو اغوا کیا اور اسے زہر دے دیا۔
رجت کمار نے دسمبر 2022 میں اس وقت ملکی سطح پر توجہ حاصل کی، جب انہوں نے ایک اور مقامی شخص نیشو کمار کے ساتھ مل کر انڈین کرکٹر رشبھ پنت کی ایک کار حادثے میں جان بچائی۔
رشبھ پنت دہلی سے اتراکھنڈ جا رہے تھے جب ان کی مرسڈیز کو حادثہ پیش آیا اور روڑکی کے قریب آگ لگ گئی۔
قریبی فیکٹری میں کام کرنے والے دونوں نوجوانوں نے ان کی مدد کی تھی۔ انہوں نے رشبھ پنت کو جلتی ہوئی گاڑی سے نکالا تھا اور ہنگامی طبی امداد کا بندوبست کیا۔
ان کے اس فوری مدد کی بڑے پیمانے پر تعریف کی گئی تھی، اور ان کی بہادری کے اعتراف میں رشبھ پنت نے ان کو سکوٹر تحفے میں دیے۔