Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے سفر سے قبل پاکستانی مسافر دشواری سے بچنے کے لیے کیا کریں؟

ترجمان نے مزید کہا کہ بغیر سرٹیفیکیٹ کے سعودی عرب کی جانب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے ایئرپورٹ پر کسی دشواری سے بچنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے نئی ہدایات کی روشنی میں گذشتہ کئی روز سے مملکت جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹس پر دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے پولیو کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پولیو ویکسینیشن سعودی عرب کا سفر کرنے سے کم از کم چار ہفتے قبل لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے مگر 6 ماہ سے زیادہ پرانی بھی نہیں ہونی چاہیے۔
’پولیو ویکسینیشن ہر مسافر کے لیے لازمی ہے، چاہے وہ عمرہ ویزے پر ہوں یا سیاحتی ویزے پر یا اقامہ پر۔‘
ترجمان نے کہا کہ وہ مسافر حضرات جو سعودی عرب کے کسی بھی ایئر پورٹ پر 12 گھنٹے سے کم کا ٹرانزٹ کریں گے ان کے لیے ویکسین لگوانا ضروری نہیں ہے۔
ویکسینیشن سرٹیفیکٹ پر گورنمنٹ یا پرائیویٹ ہسپتال کی مہر لگوانا لازمی ہے۔ ایسے مسافر جو سعودی عرب کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ ہر صورت میں ساتھ لائیں۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ بغیر سرٹیفیکیٹ کے سعودی عرب کی جانب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
’مذکورہ ہدایات تمام ایئرپورٹس اور تمام ایئرلائنز کے ذریعے سفر پر لاگو ہیں۔‘

شیئر: