Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں گلاب کی پیداوار اور عطر نکالنے کا موسم شروع

مقامی کسان صبح سویرے ہی کھیتوں سے پھول چُننے کا کام شروع کر دیتے تھے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے پُرفضا مقام طائف کے پہاڑوں کی بلند چوٹیوں پر گلاب سے عرق، تیل اور خوشبو (عطر) نکالنے کا موسم شروع ہو گیا ہے جس کے لیے تقریباً 70 فیکٹریاں کام کر رہی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق علاقے میں روایتی طریقہ کار سے گلاب کا تیل نکالنے کے ساتھ 80 سے زائد اقسام تیار کی جاتی ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں بے حد مقبول ہیں۔
طائف کے علاقے میں ہر برس 550 ملین سے زیادہ گلاب کے پھول پیدا ہوتے ہیں جو عطر تیار کرنے کے لیے ایک منفرد ثقافتی اور اقتصادی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
مقامی کسان خلف الطویریقی نے بتایا کہ ’یہاں بسنے والے خاندان ماضی میں صبح سویرے ہی گلاب کے کھیتوں سے پھول چُننے کا کام شروع کر دیتے تھے۔‘
کسان نے بتایا ’میں نے بھی یہ فن والد سے سیکھا جنہوں نے اپنے کھیت کے پاس ہی گلاب کا تیل اور عرق نکالنے کی روایتی ورکشاپ بھی قائم کی تھی۔‘
الطویریقی نے بتایا کہ پھول چننے کے فوراً بعد گلاب کا عطر نکالا جاتا ہے اور ایک تولا (تقریباً 12 گرام) خالص عطر کے لیے 80 ہزار سے زائد گلاب کے پھول تانبے کے خاص شکل کے دیگچوں میں ڈالے جاتے ہیں۔
دیگچے کی گنجائش کے مطابق ناپ تول پر خاص توجہ رکھی جاتی ہے، عطر نکالنے کے عمل کا آغاز دیگچے کے نیچے آگ جلانے سے ہوتا ہے۔
دیگچے کے ڈھکن میں لگے پائپ سے گزر کر گلاب کی بھاپ نیچے رکھے پانی کے برتن میں پہنچتی ہے۔

 پنکھڑیوں سے نکلنے والی بھاپ خاص قسم کے برتن میں ٹپکتی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

گلاب کے پھولوں کی بھاپ ٹھنڈی ہو کر پانی کی بوندوں میں بدل جاتی ہے جو ’تلقیہ‘ نامی تنگ منہ والی بوتل میں پہنچتی ہے جس کی گنجائش 20 سے 35 لیٹر تک ہوتی ہے، خالص گلاب کا تیل اس بوتل کی سطح پر تیرنے لگتا ہے۔
الطویریقی نے مزید بتایا ’گلاب کے پھولوں سے تیل نکالنے کی مہارت میں نے اپنے آبا و اجداد سےحاصل کی تھی۔‘

طائف میں ہر سال 550 ملین سے زیادہ گلاب کے پھول پیدا ہوتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

روایتی طور پر کچی اینٹوں سے بنے چھوٹے کمروں جن کی لمبائی ایک سے تین میٹر اور اونچائی تقریباً ایک میٹر ہوتی تھی ان میں یہ سارا عمل کیا جاتا تھا۔
گلاب کی پنکھڑیوں سے نکلنے والی بھاپ شیشے کے برتن میں ٹپکتی اور پھر اس سے حاصل شدہ تیل چھوٹی شیشے کی بوتلوں میں محفوظ کیا جاتا تھا۔
اس محنت طلب عمل سے خوشبودار گلاب کا تیل اور عرق گلاب کشید کیا جاتا ہے جو خوشبو، کھانوں اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
 

 

شیئر: