صحت مندانہ زندگی کے لیے وزارتِ صحت کی ’واک 30 ‘ مہم ، رجسٹریشن شروع
مہم کا مقصد لوگوں کو یومیہ 30 منٹ پیدل چلنے کی ترغیب دینا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت صحت کی جانب سے مملکت کی سطح پر سماجی صحت مہم ’واک 30 ‘ کا آغاز 26 اپریل سے کیا جائے گا۔ واک میں شرکت کے خواہمشندوں کے لیے رجسٹریشن پورٹل کھول دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق صحت مند معاشرے کے لیے آگاہی مہم کے حوالے سے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
صحت آگاہی مہم کا مقصد لوگوں کو جسمانی ورزش کرنے کی عادت ڈالنا ہے تاکہ وہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ اس ضمن میں لوگوں میں پیدل چلنے کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے ’واک 30 ‘ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جو مملکت کے مختلف شہروں میں منعقد کی جائے گی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’واک 30 ‘ مہم میں شرکت کے خواہشمند درج ذیل پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں ۔
واضح رہے ’واک 30 ‘ مہم کا آغاز سال 2019 میں مملکت کے مختلف شہروں میں بیک وقت کیا گیا تھا جو ملکی سطح پر کافی پسند کیا گیا ۔
سماجی بیداری کے حوالے سے مہم کی کامیابی پر ’کوٹلر گلوبل ایوارڈ ‘ برائے صحت و تندرستی دیا جاچکا ہے۔
واک 30 مہم کا مقصد لوگوں کو یومیہ کم از کم 30 منٹ پیدل چلنے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وہ جسمانی طورپر صحت مند رہیں۔