Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فالکنر نے کنگ عبدالعزیز کپ جیت کر تاریخ رقم کر دی

عطا اللہ محمد کرم اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
پاکستانی فالکنر عطا اللہ محمد کرم نے کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2026 میں کنگ عبدالعزیز فالکن کپ جیت کر تاریخ رقم کردی۔
کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول دنیا میں فالکنری کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ عطا اللہ محمد کرم اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
پاکستانی فالکنر نے’جیر شاھین فرخ‘ انٹرنیشنل اینڈ لوکل مقابلے کے فائنل میں اپنے فالکن’البوچی‘ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
اپنی کامیابی پرفخر کا اظہار کرتے ہوئے عطا اللہ محمد کرم  نے مقابلے کے اعلی معیار کو سراہا اور کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ مقابلہ سخت اور مہارت طلب تھا۔
انہوں نے بتایا وہ 14 برس قبل مملکت آئے تھے۔ یہاں کے ورثے اور ثقافت میں دلچسپی کے باعث فالکنری کا شوق ہوا۔ مملکت میں قیام کے دوران فالکنری کے قدیم ثقافتی کھیل کو دیکھا تو اس مں دلچسپی پیدا ہوئی اور رفتہ رفتہ اس کھیل کے مختلف پہلوؤں کو سیکھا۔
انہوں نے فیسٹیول کو انتہائی مفید اور شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی مقابلے میں شرکت اور مہارتوں میں تبادلے کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستانی فالکنر کی فتح اس فیسٹیول میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی رسائی، فالکنری کے ورثے کو فروغ دینے میں اس کے کردار اور کھیل میں مملکت کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔
 پاکستانی فالکنر نے ’جیر تبع فرخ‘ (نسبتا چھوٹی عمر کے بازوں کو کہا جاتا ہے جن کی عمر ایک برس سے کم ہوتی ہے۔ جسامت میں بھی چھوٹے اور دوسروں کے مقابلے میں سریع الحرکت ہوتے ہیں) کے مقابلے میں شریک ہوئے۔

 

شیئر: