Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قلعہ عبداللہ میں کریک ڈاؤن، 20 سے زائد منشیات فیکٹریاں تباہ، سینیٹر کے بھائی کے خلاف بھی مقدمہ درج

بلوچستان کے سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک ہفتے سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے منشیات کی 20 سے زائد فیکٹریاں مسمار کرنے، بھاری اسلحہ برآمد کرنے اور متعدد مطلوب افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
اسی دوران جمعیت علما اسلام کے سینیٹر عبدالشکور غبیزئی کے بھائی فیض اللہ خان غبیزئی کے خلاف بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ کارروائیاں 19 نومبر کو کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد شروع ہوئیں جس میں قلعہ عبداللہ کی امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا تھا۔ 
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ نے بھتہ خوری، منشیات، سمگلنگ اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی۔
اس کے بعد پولیس نے ضلع بھر میں کارروائیاں شروع کیں جن کی نگرانی ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خان نے کی۔ پولیس حکام کے مطابق ’اب تک 20 سے زائد ایسی فیکٹریاں مسمار کی جا چکی ہیں جہاں آئس اور چَرس تیار کی جاتی تھی۔‘
25 نومبر کو پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تحصیل گلستان میں آئس بنانے والے چار اور چرس تیار کرنے والے سات کارخانے گرائے گئے جبکہ جنگل پیر علیزئی میں مزید دو فیکٹریاں مسمار کی گئیں۔ 
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مشینری اور کیمیکل بھی تلف کر دیے گئے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے جمعرات کو بتایا کہ قلعہ عبداللہ، پشین اور کوئٹہ میں مجموعی طور پر 20 سے زائد منشیات کی فیکٹریاں تباہ کی گئی ہیں۔ 
ان کے مطابق یہ کارروائیاں منشیات سے حاصل ہونے والی آمدن کے ذریعے دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
جمعرات کو حکومت بلوچستان نے قلعہ عبداللہ میں جاری آپریشن کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ جاری کی جس کے مطابق 21 سے 25 نومبر کے دوران بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ 
رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں ایل ایم جی، سنائپر رائفل، ایس ایم جی، جی تھری رائفلیں، کلاشنکوف، پستول اور ایک امریکی ساختہ شاٹ گن شامل ہیں۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران غیر قانونی اسلحہ سازی کے مراکز، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد مطلوب افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ 
حکومت کے مطابق کارروائیوں کا مقصد قانون کی حکمرانی قائم کرنا اور علاقے میں امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنانا ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے سینیٹر عبدالشکور غبیزئی کے بھائی فیض اللہ خان غبیزئی کے خلاف بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت مختلف قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق 24 نومبر کی شام فیض اللہ خان غبیزئی 20 سے 25 گاڑیوں کے قافلے کے ہمراہ قلعہ عبداللہ بازار میں داخل ہوئے۔ 
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ قافلے میں 80 سے 90 مسلح افراد شامل تھے جو راکٹ لانچرز، مارٹر گولوں، ایل ایم جی اور سنائپر رائفلوں سمیت جدید اسلحہ سرعام لہرا رہے تھے۔
مدعی اے ایس آئی علی محمد کے مطابق قافلہ بعد ازاں کولک کراس پہنچا جہاں مبینہ طور پر کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں اور ٹرانسپورٹرز میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔ 
ایف آئی آر میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ قافلے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری بھی شامل تھے اور گاڑیوں پر افغانستان کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جنہیں شواہد کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ 
مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ، بلوچستان آرمز ایکٹ، ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں فیض اللہ خان غبیزئی کو اشتہاری ملزم اور مبینہ بھتہ خور گروہ کا سرغنہ قرار دیا گیا ہے۔
قلعہ عبداللہ میں حالیہ کریک ڈاؤن کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ضلع میں امن و امان کی صورتِ حال پر مسلسل تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
نومبر کے آغاز میں ضلع میں ایک مسلح حملے کے دوران باپ اور بیٹا قتل جبکہ ایک نوجوان کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ 
واقعے کے بعد لواحقین نے قریباً ایک ہفتے تک دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت مسلح گروہوں، بھتہ خوروں اور منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
گذشتہ چند ماہ کے دوران ضلع میں کالعدم مسلح تنظیموں کی کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 
گذشتہ ماہ ضلع کے ایک تھانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار قتل ہوا۔ پولیس مطابق رواں برس ضلع میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل کے درجنوں واقعات ہو چکے ہیں۔
14 اکتوبر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے بھی قلعہ عبداللہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قتل و غارت اور منشیات کی کاشت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
انجینیئر زمرد خان اچکزئی نے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور اسلحہ کلچر عروج پر ہے۔ 
ان کے مطابق ’صورتِ حال اس قدر خراب ہے کہ اب عام شہری ہی نہیں بلکہ منتخب نمائندے بھی علاقے میں آزادانہ سفر یا خوشی و غمی میں شرکت نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے نشان دہی کی کہ قلعہ عبداللہ سے شروع ہونے والی منشیات اور افیون کی کاشت بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث پورے بلوچستان میں پھیل چکی ہے جبکہ افغانستان سے انخلا کے بعد چھوڑا گیا اربوں ڈالر کا جدید اسلحہ بھی مسلح گروہوں کے ہاتھ لگ چکا ہے۔
جواب میں وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ایون کو بتایا کہ حکومت نے گذشتہ دو برسوں کے دوران ضلع میں سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اضافی پولیس نفری، سی ٹی ڈی دفتر، نئے تھانوں، بلٹ پروف گاڑیوں اور مشترکہ گشت سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ افغانستان سے ملحق قلعہ عبداللہ خاص کر اس کے علاقے گلستان اور جنگل پیر علیزئی طویل عرصے سے منشیات، اسلحہ کلچر، بھتہ خوری اور جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے زیر< بحث رہے ہیں۔
سرکاری رپورٹس کے مطابق یہاں بڑے پیمانے پر منشیات کی کاشت ہوتی ہے اور منشیات تیار کرنے والی درجنوں فیکٹریاں قائم ہیں۔ 
پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق ضلع میں 40 سے زائد مختلف قبائلی گروہوں کے درمیان فعال قبائلی دشمنیاں ہیں جس میں اب تک سینکڑوں افراد قتل ہو چکے ہیں۔ 

شیئر: