Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوری کونسل کے سربراہ اور مفتی اعظم سے سپیکر ایاز صادق کی ملاقات

سپیکر ایاز صادق اپنے وفد کے ہمراہ مملکت کے سرکاری دورے پر ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
مجلس شوری کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے ملاقات کی ہے اس موقع پر مختلف امور زیر بحث آئے۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سپیکر ایاز صادق اپنے وفد کے ہمراہ مملکت کے سرکاری دورے پر ہیں۔
سپیکر ایاز صادق نے اپنے وفد کے ہمراہ سعودی شوری کونسل کے مرکز دفتر کا دورہ کیا اور ارکین شوری کونسل کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں شوری کونسل کے چیئرمین نے سپیکر قومی اسمبلی اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف سطحوں پر سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے سعودی شوری کونسل اور پاکستانی قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس منعقد کیے جانے کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے اسے عوامی اور سرکاری سطح پر تعلقات میں مزید استحکام سے عبارت کیا۔
سپیکر ایاز صادق نے مملکت میں پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مابین تاریخی و برادرانہ تعلقات کا ذکرکیا، اسے عالم اسلام میں یکجہتی اور استحکام کے لیے مملکت کے قائدانہ کردار کو اہم قرار دیا۔


مفتی اعظم  نے اعتدال پسندی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

دوطرفہ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دلچسپی کے امور اور روابط میں تعاون و فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری بیان کےمطابق سپیکر ایاز صادق نے کہا’ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ان تعلقات پر ہمیشہ سے فخر رہا ہے۔ یہ تعلقات تمام شعبوں میں وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا’ دو طرفہ دوروں سے دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان بھی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔‘
سپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ اور خصوصاً غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
غزہ کے حوالے سے پاکستان کی قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد کی منظوری سے آگاہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے وفد کے ہمراہ مملکت کے مفتی اعظم اور علما کمیٹی کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز آل الشیخ سے بھی ریاض میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
مفتی اعظم  نے اس موقع پر اعتدال پسندی کو فروغ دینے اور انتہا پسندی و دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ریاست کے مثبت و مثالی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کے حوالے سے مملکت کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور مثالی تعلقات کا ذکر کیا۔
ملاقات میں رکن شوری کونسل ڈاکٹر علی الشھرانی اور پاکستان کے سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔

 

شیئر: